میں ڈبل سنچری بنانے کی کوشش کروں گا، ریکارڈ ساز سنچری کے بعد ویبھو سوریاونشی کا اگلا ہدف
نئی دہلی، 06 جولائی (ہ س)۔ انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف چوتھے یوتھ ون ڈے میچ میں 143 رن کی ریکارڈ ساز اننگ کھیلنے والے ویبھو سوریاونشی نے اپنے اگلے ہدف کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اگلے میچ میں 200 رن بنانے کی کوشش کریں گے۔ ہند
سوریا


نئی دہلی، 06 جولائی (ہ س)۔ انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف چوتھے یوتھ ون ڈے میچ میں 143 رن کی ریکارڈ ساز اننگ کھیلنے والے ویبھو سوریاونشی نے اپنے اگلے ہدف کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اگلے میچ میں 200 رن بنانے کی کوشش کریں گے۔

ہندوستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی یوتھ ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں تیز ترین سنچری بنا کر ایک نیا ریکارڈ بنایا۔ سوریاونشی نے صرف 52 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور پاکستان کے کامران غلام کا 2013 میں بنایا گیا 53 گیندوں کا پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔نوجوان بلے باز نے میچ میں 78 گیندوں پر 143 رن کی شاندار اننگ کھیلی جس میں 13 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔

اپنی ریکارڈ ساز سنچری کے بارے میں بات کرتے ہوئے ویبھو نے بتایا ہے کہ ان کا اگلا ہدف ڈبل سنچری بنانا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے اتوار کو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ویبھو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں نے 100 رن بنانے کے بعد ریکارڈ بنایا ہے، ہمارے ٹیم منیجر انکت سر نے مجھے بتایا۔

ویبھو سوریاونشی کو ہندوستانی ٹیسٹ کپتان شبھمن گل سے بہت زیادہ ترغیب ملی ہے۔ جب انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں گل نے ڈبل سنچری اسکور کی تھی تو ویبھو وہاں موجود تھے۔ ویبھو نے کہا کہ مجھے ان سے کافی ترغیب ملی، میں نے کھیل دیکھا، 100 اور 200 رن بنانے کے بعد بھی انہوں نے کھیل نہیں چھوڑا اور ٹیم کو آگے لے گئے۔ 143 رن پر آؤٹ ہونے پر ویبھو نے کہا، میں اسے لمبا کر سکتا تھا کیونکہ میرے پاس بہت وقت تھا، 20 اوور باقی تھے، میں اپنی اننگ کو لمبا کر سکتا تھا، ایک شاٹ تھا جو میں 100 فیصد نہیں دے سکا جس کی وجہ سے میں آؤٹ ہو گیا۔ ویبھو سوریاونشی نے اپنے اگلے ہدف کے بارے میں کہا کہ 'اگلے میچ میں میں 200 رن بنانے کی کوشش کروں گا اور پورے 50 اوور کھیلوں گا، میں جتنے زیادہ رن بناؤں گا، ٹیم کو اتنا ہی فائدہ ہوگا، اس لیے اگلے میچ میں پورا میچ کھیلنے کی کوشش کروں گا، اس پر میری توجہ ہوگی۔

سیریز میں شاندار کارکردگی

ویبھو سوریاونشی انگلینڈ کے خلاف جاری پانچ میچوں کی یوتھ ون ڈے سیریز میں شاندار فارم میں ہیں۔ چوتھے ون ڈے سے قبل نوجوان بلے باز نے 48، 45 اور 86 رن بنائے تھے۔ چوتھے میچ میں 143 رن کی اننگ کے ساتھ وہ سیریز میں اب تک مجموعی طور پر 322 رن بنا چکے ہیں۔

اس سیریز کی بات کریں تو پانچ میچوں کی اس سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے چوتھے میچ میں جیت کے ساتھ 1-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande