جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے تیرتھ یاتریوں کا 27 واں قافلہ وادی کے لیے روانہ
جموں، 29 جولائی (ہ س)۔ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے منگل کی صبح تیرتھ یاتریوں کا 27 واں قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان وادی کے لیے روانہ ہوا۔ اس قافلے میں 1,490 عقیدت مند شامل تھے، جنہوں نے جنوبی کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں واقع 3,880 میٹر بلند مقدس گپھا کی جانب رخ کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، اب تک 3.86 لاکھ سے زائد تیرتھ یاتری گپھا میں موجود قدرتی طور پر بننے والے برف کے 'شیو لنگ' کے درشن کر چکے ہیں۔ 38 روزہ یہ روحانی سفر 3 جولائی کو وادی سے شروع ہوا تھا۔
آج روانہ ہونے والے قافلے میں 1,262 مرد، 186 خواتین اور 42 سادھو و سادھوی شامل ہیں۔ یہ یاتری بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 61 گاڑیوں پر مشتمل دو قافلوں میں صبح 3:25 بجے سے 3:57 بجے کے درمیان کشمیر کی جانب روانہ ہوئے۔ قافلے کی حفاظت کے لیے سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار تعینات تھے۔
پہلے قافلے میں 327 یاتری شامل تھے، جو 16 گاڑیوں کے ذریعے گاندربل ضلع کے دشوار گزار اور مختصر بالتل راستے پر روانہ ہوا، جب کہ دوسرا قافلہ 1,163 یاتریوں کو 45 گاڑیوں کے ذریعے اننت ناگ ضلع کے روایتی اور طویل پہلگام راستے پر لے گیا۔
حکام کے مطابق، 2 جولائی کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے پہلے قافلے کو روانہ کرنے کے بعد سے اب تک جموں بیس کیمپ سے مجموعی طور پر 1,42,785 یاتری وادی کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 5.10 لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے برفانی گپھا میں واقع مقدس شیو لنگ کے درشن کیے تھے، جبکہ رواں سال کی یاترا 9 اگست کو راکھی کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر