نئی دہلی، 12 جولائی (ہ س)۔ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) نے احمد آباد میں ایئر انڈیا (اے آئی 171) حادثے پر اپنی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔ ایئر انڈیا نے 15 صفحات کی ابتدائی رپورٹ موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ایئر انڈیا نے ایکس ہینڈل پر کہا، ایئر انڈیا (اے آئی 171) حادثے سے متاثرہ خاندانوں اور دیگر لوگوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑا ہے۔ ہم نقصان پر سوگوار ہیں اور اس مشکل وقت میں مدد فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
ایوی ایشن کمپنی نے کہا، ہمیں 12 جولائی کو ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کی طرف سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ ایئر انڈیا اسٹیک ہولڈرز بشمول ریگولیٹرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہم اے اے آئی بی اور دیگر حکام کے ساتھ ان کی تحقیقات میں مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ تحقیقات کی فعال نوعیت کو دیکھتے ہوئے، ہم مخصوص تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے قاصر ہیں۔ ہم ایئر کرافٹ بیورو کو تمام تفصیلات بھیج رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گجرات کے احمد آباد میں اس حادثے میں 260 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ ان میں 229 مسافر، عملے کے 12 ارکان اور زمین پر موجود 19 افراد شامل تھے۔ یہ رپورٹ ٹیک آف کے 90 سیکنڈ کے اندر پیش آنے والے واقعات کے خوفناک سلسلے کو بیان کرتی ہے۔ ابتدائی چڑھائی کے دوران جہاز کے دونوں انجن غیر متوقع طور پر بند ہو گئے۔ اس سے جہاز کا زور بہت کم ہوگیا اور طیارہ تیزی سے نیچے اترا۔
طیارے کے اس حادثے کی حتمی رپورٹ چند ماہ بعد آنے کی امید ہے۔ یہ طیارہ حادثہ 12 جون کو پیش آیا۔ اس حادثے کو حالیہ تاریخ میں ملک کا سب سے مہلک ایوی ایشن حادثہ کہا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد