جموں, یکم جولائی (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے کھلینی ناکے پر پولیس نے انسدادِ منشیات مہم اور امرناتھ یاترا کے سلسلے میں جاری حفاظتی چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 22 گرام چرس برآمد کی گئی، جو مبینہ طور پر نوجوانوں کو فروخت کرنے کے مقصد سے لائی جا رہی تھی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اجے آنند نے بتایا کہ پولیس نے امرناتھ یاترا کے دوران حفاظتی اقدامات کے تحت کھلینی میں خصوصی ناکہ بندی اور چیکنگ مہم شروع کی تھی۔ اس دوران جموں سے ڈوڈہ آنے والی ایک بس کی تلاشی کے دوران دو افراد، جو کہ صدیق آباد، ڈوڈہ کے رہائشی ہیں، اُن کے قبضے سے مشتبہ چرس نما مادہ برآمد ہوا۔
پولیس نے دونوں افراد کو موقع پر ہی حراست میں لے کر نارکوٹکس سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ڈی ایس پی اجے آنند نے کہا کہ منشیات ایک سماجی ناسور بن چکی ہے، جس کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں، تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے چنگل سے بچایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر