تل ابیب،یکم جولائی(ہ س)۔اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جنگ اپنے اختتامی مراحل کے قریب پہنچ چکی ہے۔ پیر کے روز جاری بیان میں کاتز نے کہا ہم اب غزہ میں آپریشن کے خاتمے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ یہ بیان ایران کے خلاف اسرائیل کی مختصر جنگ کے اختتام کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا۔کاتز نے ایک بار پھر اس تنازع میں اسرائیل کے مقاصد کی تصدیق کی، جن میں تمام قیدیوں کی رہائی اور حماس تنظیم کی شکست شامل ہے۔ادھر اسرائیلی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور قطری ثالثی اس بات کے حوالے سے پ±ر امید ہیں کہ کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے، تاہم اسرائیل کو اب تک یہ بات سمجھ نہیں آ رہی کہ اس امید کی بنیاد کیا ہے۔ یہ بات امریکی ویب سائٹ ’ایکسیوس‘ نے بتائی ہے۔اسی دوران، اخبار اسرائیل ہیوم نے با خبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں متعدد وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں جنگ کے مقاصد ابھی حاصل نہیں ہوئے، اس لیے فوجی اور سیاسی دباو¿ جاری رکھنا ضروری ہے۔
دوسری جانب، اجلاس میں اسرائیلی فوج کے سربراہ نے ایک جائزہ پیش کیا جس کے مطابق لڑائی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، جو آئندہ مرحلے سے متعلق اہم مباحثوں کی راہ ہموار کر رہی ہے۔اخبار نے بتایا کہ کابینہ کا ایک نیا اجلاس جمعرات کے روز ہو گا، جس میں غزہ میں جنگ کے راستے کے بارے میں حتمی فیصلے متوقع ہیں، جن میں زمینی اور سیاسی اقدامات شامل ہوں گے۔اخبار نے مزید بتایا کہ سیاسی سطح پر یہ ارادہ ہے کہ حماس کے جنگجوو¿ں پر مکمل محاصرہ مسلط کیا جائے تاکہ وہ ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ ہیومینیٹرین فاو¿نڈیشن کی نگرانی میں مزید امدادی مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ امداد کی تقسیم کا دائرہ وسیع کیا جا سکے۔جہاں تک مذاکراتی راستے کا تعلق ہے، اخبار نے بتایا کہ غزہ میں فائر بندی کے لیے ایک عارضی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ممکن ہے کہ غزہ میں قید تقریباً نصف اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا جائے۔واضح رہے کہ غزہ کی جنگ اس وقت شروع ہوئی جب سات اکتوبر 2023 کو حماس نے جنوبی اسرائیل پر ایک اچانک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 1219 افراد ہلاک ہوئے، یہ تعداد سرکاری اعداد و شمار پر مبنی ہے۔اس حملے کے رد عمل میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا سخت محاصرہ کیا اور ایک تباہ کن جنگ کا آغاز کیا، جس میں تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 56,531 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan