ممبئی، یکم جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر
کے شہر تھانے میں منگل کی علی الصبح ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کیمیکل
سے بھرا ہوا ٹینکر ایک نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گیا۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر
مینجمنٹ سیل کے انچارج یاسین تڈوی نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح 1:42 بجے کلیان پھاٹا
کے قریب ٹریفک پولیس چوکی کے نزدیک پیش آیا، جب گجرات سے آنے والا 24 ٹن اینیلین کیمیکل
لے جانے والا ٹینکر تھانے کے ڈومبیولی علاقے کی سمت رواں دواں تھا۔
حادثے کے نتیجے میں ٹینکر کے اگلے حصے
کو شدید نقصان پہنچا اور اس کے ڈرائیور کو کیبن میں پھنسنے کی نوبت آ گئی۔ فائر بریگیڈ
کے اہلکاروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 15 منٹ میں ڈرائیور کو
بحفاظت نکال لیا۔ حکام کے مطابق، ڈرائیور کی غفلت کے باعث وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ
سکا اور وہ سڑک پر موجود ایک نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے تقریباً
آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ہائیڈرا مشین کی مدد سے ٹینکر کو سڑک کے کنارے منتقل
کر دیا، جس کے بعد سڑک کی مکمل صفائی کی گئی اور معمول کی ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔
حکام نے واضح کیا کہ اینیلین کیمیکل مکمل طور پر محفوظ رہا، کسی قسم کے رساؤ یا اسپلیج
کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اس حادثے کے سبب تھانے سے کلیان پھاٹا
جانے والی سڑک پر ٹریفک جزوی طور پر متاثر ہوئی تھی، مگر فوری کارروائی کی بدولت یہ
اثر مختصر وقت تک محدود رہا۔ یاسین تڈوی نے بتایا کہ اب راستہ پوری طرح صاف کر دیا
گیا ہے اور معمول کے مطابق ٹریفک رواں دواں ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / خان این اے