کیمیکل فیکٹری واقعہ کی تحقیقات کے لیے تلنگانہ جائے گی حکومت بہار کی ٹیم : سنتوش سنگھپٹنہ، یکم جولائی (ہ س)۔ بہار کے محنت وسائل کے وزیر سنتوش کمار سنگھ نے منگل کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار حکومت نے تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے صنعتی علاقے میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے بہار کے دو مزدوروں کی موت اور 16 مزدوروں کے زخمی ہونے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ بہار حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی ایک تحقیقاتی ٹیم کو جلد ہی تلنگانہ روانہ کیا جائے گا۔ یہ تحقیقاتی ٹیم کیمیکل فیکٹری کی تحقیقات کرے گی جہاں دھماکے میں بہار کے دو مزدوروں کی موت ہوئی تھی۔محنت وسائل کے وزیر سنتوش کمار سنگھ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ فیکٹری میں حادثے میں بہاری مزدوروں کی موت کے بعد بہار حکومت کی تحقیقاتی ٹیم جائے وقوع پر جائے گی اور واقعہ کی تحقیقات کرے گی۔ اس تحقیقاتی ٹیم میں ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ سنگھ نے کہا کہ ہم تحقیقات میں یقینی بنائیں گے کہ اس حادثے میں فیکٹری کی طرف سے کوئی بڑی لاپروائی تو نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر فیکٹری سطح پر کوئی بڑی غفلت پائی جاتی ہے تو اس معاملے پر تلنگانہ حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت سے بھی بات کی جائے گی۔وزیر سنتوش سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے حادثے کے بعد پہلی بار بہار حکومت اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے اپنی ٹیم کو ملک کی دوسری ریاست بھیج رہی ہے۔ بہار حکومت نے کیمیکل دھماکے میں ہلاک ہونے والے دو مزدوروں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے اور زخمی 16 مزدوروں کو 50،000 روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ کے سکریٹری دیپک آنند نے بتایا کہ دونوں مہلوکین کی لاشیں آج شام پٹنہ لائی جارہی ہیں۔ یہاں سے بہار حکومت دونوں کی لاشوں کو ان کے آبائی گاؤں بھیجنے کا انتظام کرے گی۔وزیر محنت وسائل سنتوش کمار سنگھ نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو کابینہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ پرتیگیہ یوجنا کی منظوری پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں روزگار کے لیے نوجوانوں کی اس طرح حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ کام کے تجربے کی کمی کی وجہ سے بہار کے نوجوانوں کو ملک کی دوسری ریاستوں میں ملازمت حاصل کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ریاست کے کل ایک لاکھ، 5 ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ اسکیم سے جوڑا جائے گا۔ اس کے لیے حکومت نے 685 کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan