وادی کے لیے ٹرین خدمات شروع ہونے سے کٹرا شہر میں امید اور خوشی کی لہر
جموں، 5 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے کٹرا علاقے میں خوشی اور اُمید کی نئی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو دریائے چناب پر قائم دنیا کے بلند ترین ریلوے آرچ پل کا افتتاح کریں گے اور کٹرا سے سری نگر تک وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔
یہ تاریخی موقع نہ صرف ایک طویل انتظار کے بعد مکمل ہونے والے قومی منصوبے کی تکمیل کا مظہر ہے، بلکہ کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے کے خواب کی تعبیر بھی ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً چار دہائیوں قبل شروع ہوا تھا۔
مقامی شہریوں نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔ ایک مقامی رہائشی نے کہا کہ کٹرا میں ٹرین دیکھنے کا خواب آخرکار پورا ہو رہا ہے۔ اس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ گرمیوں میں ہوائی سفر مہنگا ہو جاتا تھا، لیکن اب ریلوے سفری اخراجات میں بڑی کمی لائے گا۔کٹرا میں کاروبار کرنے والے اجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی آمد کے سلسلے میں مقامی سطح پر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔وندے بھارت ٹرینیں ہماری روزمرہ زندگی کو آسان بنائیں گی اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گی۔
یہ دورہ وزیر اعظم مودی کا ‘آپریشن سندور’ کے بعد پہلا جموں و کشمیر کا دورہ ہوگا۔ یاد رہے کہ وندے بھارت سروس کا افتتاح پہلے 19 اپریل کو ہونا تھا، تاہم خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ دورے کے صرف تین روز بعد پہلگام کا دلخراش واقعہ پیش آیا۔وزیر اعظم کا یہ دورہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی حالیہ دو روزہ کشمیر آمد کے فوراً بعد ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لیا اور پونچھ میں سرحد پار گولہ باری کے متاثرین سے ملاقات کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر