جموں, 4 جون (ہ س)،
وادی کشمیر تک ریلوے لائن بچھانے کا 130 سالہ پرانا خواب بالآخر حقیقت بننے جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو کٹرا سے کشمیر تک وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور دنیا کے بلند ترین ریلوے پل، چناب پل، کا افتتاح بھی کریں گے۔یہ منصوبہ پہلی بار 1892 میں مہاراجہ پرتاپ سنگھ نے تجویز کیا تھا اور اس پر مختلف برطانوی انجینئروں نے سروے کیے، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے باعث منصوبہ ملتوی ہوتا رہا۔
مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے وکرمادتیہ سنگھ نے اس خواب کی تکمیل کو ڈوگرہ تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
سنگھ نے کہا کہ 1983 میں وزیر اعظم اندرا گاندھی نے جموں-ادھمپور-سرینگر ریلوے لائن کی بنیاد رکھی تھی، لیکن کام میں سست روی اور قدرتی چیلنجز کے باعث منصوبہ بارہا تاخیر کا شکار ہوا۔ سال 2002 میں اس ریلوے لائن کو قومی منصوبہ قرار دیا گیا۔
272 کلومیٹر طویل اس منصوبے میں 38 سرنگیں اور 927 پل شامل ہیں۔ پلِ چناب سطحِ زمین سے 359 میٹر بلند ہے، جو ایفل ٹاور سے بھی اونچا ہے۔ منصوبے کی بدولت کئی دور دراز دیہاتوں کو سڑکوں سے جوڑا گیا، جس سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں کی زندگی بدل گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر