مونگیر،04جون(ہ س)۔
مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سرپرست جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر اور امیر شریعت بہار ، اڈیشہ ،جھارکھنڈ و مغربی بنگال نے اپنے ایک پریس بیانیہ میں کہا کہ حضرت مولانا سید ابو اختر قاسمی کا وصال ایک ایسا سانحہ ہے جس سے اہلِ علم، اربابِ مدارس، جامعہ رحمانی کے فیض یافتگان، اور خاص طور پر مجھے بڑا غم ہوا۔ مولانا سید ابو اختر قاسمی رحمة اللہ علیہ کا شمار ان اکابر علماءمیں ہوتا ہے، جنہوں نے علم و عمل، تقویٰ و اخلاص، تدریس و انتظام کا ایک مثالی نمونہ پیش کیا۔ وہ نہ صرف ایک اچھے مدرس اور صاحبِ بصیرت ناظم تعلیمات تھے، بلکہ ایک سچے مربی اور مخلوقِ خدا کی خیر خواہی میں پیش پیش رہنے والے نیک انسان تھے۔آپ کی تدریسی خدمات اور انتظامی بصیرت کا ایک روشن باب جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کی تاریخ میں محفوظ ہے، جہاں آپ نے ایک طویل مدت تدریسی خدمت انجام دی ، امور تعلیمات کی ذمہ داری نبھائی اور حضرت امیر شریعت رابع مولانا منت اللہ رحمانی رحم? اللہ علیہ کی تربیت میں رہ کر فتوی نویسی اور تحریکی کاموں میں خوب حصہ لیا۔
حضرت والا میرے والد ماجد، امیر شریعت سابع حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمةاللہ علیہ کے استاذ بھی تھے۔ اس رشتے کی نسبت سے میرے دل میں ان کا احترام، عقیدت اور تعلق بہت گہرا اور خاص تھا۔ اس پہلو سے یہ سانحہ ہمارے لیے صرف ایک بزرگ عالم کی وفات نہیں بلکہ خانوادہ رحمانی کے ایک عظیم مربی، جامعہ رحمانی کے بافیض استاذ اور خیر خواہ کے بچھڑ جانے کا غم ہے۔آپﷺ کی شخصیت میں علمی وقار، فقہی مہارت، دینی حمیت، اور سادگی و انکساری کا حسین امتزاج تھا۔ ان کا درس صرف کتابی علوم تک محدود نہ تھا بلکہ وہ اپنی زندگی کے ہر پہلو سے طلبہ کو بصیرت، تربیت اور کردار سازی کا درس دیا کرتے تھے۔ ان کے بے شمار تلامذہ آج دین کی خدمت کر رہے ہیں، جو ان کے اخلاص کا زندہ ثبوت ہیں۔حضرتﷺ کی علمی خدمات کے ساتھ ساتھ ان کی روحانی وابستگی اور خانقاہی ذوق نے ان کی شخصیت میں ایک ایسی گہرائی پیدا کی تھی جو ہر ملنے والے کو متاثر کرتی تھی۔ آپ کی مجلس میں بیٹھنے والا ہر فرد آپ کے اخلاق، حلم، متانت، طبعی ظرافت اور دین فہمی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہتا تھا۔حضرت کی وفات ایک ایسا خلا ہے جو مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔ اللہ تعالیٰ حضرت کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے، اور جامعہ رحمانی، ان کے خاندان، تلامذہ، متعلقین اور تمام محبین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais