مکہ مکرمہ،04جون(ہ س)۔
مسجدِ حرام اور مسجدِ نبویﷺ کے دینی امور کی اعلیٰ انتظامیہ نے حج کے آغاز سے اب تک عازمین حج میں قرآنِ کریم کے 10 لاکھ سے زیادہ نسخے تقسیم کیے ہیں۔ یہ نسخے مختلف زبانوں میں ترجمے کے ساتھ ہیں۔ اس اقدام کا مقصد حجاجِ بیت اللہ کو قرآنِ کریم کی ہدایات سے روشناس کروانا اور ان کے ایمانی تجربے کو مو¿ثر بنانا ہے۔ یہ خدمت ہدیہ مصاحف نامی مہم کے تحت انجام دی گئی، جو حجاجِ کرام کو قرآنِ کریم اور اس کے عالمی زبانوں میں ترجمہ شدہ نسخے بطور تحفہ پیش کرنے سے متعلق ہے۔
حرمین شریفین کے دینی امور کی انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس نے اس موقع پر زور دیا کہ سعودی عرب کی قیادت قرآنِ کریم کی خدمت اور اس کے علوم کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے، اور عالمی سطح پر قرآنِ کریم کے پیغام کو عام کرنے، نیز روا داری، اعتدال اور میانہ روی کی قدروں کو راسخ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت سعودی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، اور اس کی بے مثال توجہ و نگہداشت کی جھلک حرمین، حجاج، معتمرین اور زائرین کو فراہم کی جانے والی مادی و روحانی سہولتوں میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے عبادات و مناسک کی ادائیگی کو نہایت آسان، آرام دہ اور با مقصد بنا دیا ہے، اور فراہم کردہ خدمات کو معیار اور امتیاز کی بلند سطح پر پہنچا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan