تل ابیب،15جون(ہ س)۔
کروئشیا کے وزیرِ خارجہ گورڈن گرلک ریڈمین نے ہفتے کے روز کہا کہ تل ابیب پر ایران کے میزائل حملوں میں اسرائیل میں کروئشیا کے قونصلر اور ان کی اہلیہ معمولی زخمی ہو گئے۔ انہوں نے ایکس پر کہا،میں اس خبر سے لرز گیا ہوں کہ ہمارے قونصل اور ان کی اہلیہ تل ابیب پر حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ وہ جس عمارت میں رہتے ہیں، اسے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا، ’میں نے ان سے بات کی اور خوش قسمتی سے ان کی چوٹیں معمولی ہیں اور انہیں جان کا خطرہ نہیں ہے۔‘گرلک ریڈمین نے مزید کہا ہے کہ ان کی وزارت اسرائیل میں کروئشین سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اپنے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔گرلک ریڈمین نے کہا، ہم شہریوں اور سفارتی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم کشیدگی میں فوری کمی اور تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔اسرائیل نے جمعہ کے روز ایران پر غیر معمولی حملوں میں ملک کے طول و عرض میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جن میں جوہری اور فوجی مقامات اور رہائشی عمارات شامل تھیں۔ایران نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کی پہلی لہر میں 78 افراد ہلاک اور 320 زخمی ہوئے۔ایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan