اینٹورپ (بیلجیم)، 15 جون (ہ س)۔ ایف آئی ایچ پرو لیگ 2024-25 کے یورپی لیگ میں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کی خراب کارکردگی جاری ہے۔ اتوار کو اینٹورپ میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میچ میں ہندوستانی ٹیم کو ایک بار پھر آسٹریلیا کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل ہندوستان ہالینڈ اور ارجنٹائن سے میچ ہار چکا ہے۔ تاہم، یہ تمام میچ قریب تھے.
میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے ٹم برانڈ (4ویں منٹ)، بلیک گوورز (5ویں منٹ) اور کوپر برنز (18ویں منٹ) نے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا، جب کہ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے سنجے (تیسرے منٹ) اور دلپریت سنگھ (36ویں منٹ) نے گول کئے۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم نے میچ میں شاندار آغاز کیا۔ ٹیم کے کھلاڑی سنجے نے تیسرے ہی منٹ میں گول کر کے ہندوستان کو 0-1 سے آگے کر دیا۔ تاہم آسٹریلیا نے اگلے ہی منٹ میں گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ ٹم برانڈ نے سنسنی خیز گول کیا۔ چند سیکنڈ بعد بلیک گوورز نے دوسرا گول کر کے آسٹریلیا کو 1-2 سے آگے کر دیا۔ ہندوستانی گول کیپر کرشن پاٹھک آسٹریلیا کے حملے کو روکنے میں زیادہ کچھ نہ کر سکے۔
پہلے کوارٹر کے وقفے پر آسٹریلیا 1-2 سے آگے تھا۔ اس کے بعد 18ویں منٹ میں کوپر برنز نے گول کر کے اسے 1-3 سے بڑھا دیا۔ اس گول نے ہندوستانی ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔ آسٹریلیا نے تیز رفتاری سے حملے کرتے ہوئے اپنی برتری بڑھانے کی کوشش کی۔ اگلے چند منٹوں میں دونوں ٹیموں نے پی سیز کا تبادلہ کیا لیکن ان میں سے کسی کو بھی کامیابی نہیں ملی۔ پہلے ہاف کا اختتام آسٹریلیا کی دو گول سے برتری کے ساتھ ہوا۔
دوسرے ہاف میں ہندوستانی ٹیم نے پورے جوش و خروش کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے فرق کو کم کیا۔ دلپریت نے 36ویں منٹ میں گول کر کے اسکور کو 3-2 کر دیا۔ آخری کوارٹر میں کچھ ایسے مواقع آئے جب ہندوستانی کھلاڑی اسکور برابر کرکے واپسی کرسکتے تھے لیکن وہ مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ آسٹریلیا نے بھارت کو آخری مرحلے میں روکا اور کھیل کا اختتام ایک اہم فتح کے ساتھ کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی