– احمد آباد طیارہ حادثے کی وجہ سے ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے شیئرز دباؤ میں رہے۔
نئی دہلی، 12 جون (ہ س)۔ ملکی اسٹاک مارکیٹ آج شدید مندی کا شکار ہوگئی۔ آج کی تجارت کا آغاز فائدہ کے ساتھ ہوا، لیکن بازار کھلنے کے فوراً بعد، سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس اپنے ابتدائی فائدے کھو بیٹھے اور سرخ رنگ میں پھسل گئے۔ تاہم خریداروں نے ٹریڈنگ کے دوران متعدد بار زبردستی خریداری کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود فروخت کے دباؤ کے باعث اسٹاک مارکیٹ کی حالت بہتر نہ ہوسکی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ مارکیٹ میں گراوٹ کی بنیادی وجوہات میں امریکی ٹیرف کا خوف، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت، مغربی ایشیا میں تناؤ، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور کمزور عالمی اشارے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی احمد آباد طیارہ حادثے کی وجہ سے ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے حصص بھی آج دباؤ میں آ گئے۔ جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کا کاروبار واضح طور پر متاثر ہوا۔
دھامی سیکیورٹیز کے نائب صدر پرشانت دھامی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد ہی امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات رکھنے والے ممالک کو امریکی ٹیرف کی شرح سے متعلق معلومات کے حوالے سے خط بھیجیں گے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس خط میں واضح کیا جائے گا کہ ممالک ٹیرف کی شرح کو قبول کرکے ہی امریکا کے ساتھ تجارت جاری رکھ سکتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس رویے کو عالمی مارکیٹ میں خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
اسی طرح ایران پر اسرائیلی حملے کے امکان کے پیش نظر امریکہ نے اپنے باشندوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں اپنے سفارت خانے سے کچھ ملازمین کے اہل خانہ کے ساتھ انخلا کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ بحرین اور کویت کے سفارت خانوں سے امریکی عملے کو کم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ ان اطلاعات نے ایران پر اسرائیلی حملے کے امکانات کو مزید تقویت دی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔ مغربی ایشیا میں ٹیرف کی منفی خبروں اور تناؤ کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ملکی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کا اثر آج واضح طور پر نظر آیا۔
اسی طرح کوٹک سیکیورٹیز کے ایکویٹی ریسرچ ہیڈ سریکانت چوہان کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ سے دن بھر کمزور سگنل موصول ہوئے۔ جس کی وجہ سے ملکی اسٹاک مارکیٹ کے رجحانات بھی مسلسل کمزور رہے۔ اس کے علاوہ خام تیل کی قیمت میں تقریباً چار فیصد اضافے کا بھی مارکیٹ کے رجحانات پر منفی اثر پڑا۔ ان وجوہات کے ساتھ ساتھ آج احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی خبر کی وجہ سے ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے شیئرز میں بھی بڑی گراوٹ درج کی گئی۔ آج نہ صرف انڈیگو اور اسپائس جیٹ کے حصص میں گراوٹ درج کی گئی بلکہ ہوائی جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ کے حصص بھی مارکیٹ سے پہلے کی تجارت میں پانچ فیصد سے زیادہ گر گئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی