بنگلورو، 9 مئی (ہ س)۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے نوجوان مڈفیلڈر راجندر سنگھ نے اکتوبر 2024 میں جرمنی کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں سینئر ٹیم میں قدم رکھا تھا۔ اب آٹھ ماہ بعد وہ ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک بن گئے ہیں۔ وہ فی الحال بنگلورو میں ایس اے آئی سینٹر میں جاری سینئر نیشنل کیمپ میں آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2024/25 یورپ لیگ کی تیاری کر ر ہے ہیں۔
کیمپ کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے راجندر نے ہاکی انڈیا کے حوالے سے کہا، ”تیاریاں کافی اچھی چل رہی ہیں۔ کچھ کھلاڑی فٹنس پر زیادہ کام کر رہے ہیں، جب کہ کچھ اسٹک اور گیند کی مہارت پر کام کر رہے ہیں۔ اس بار دونوں پر برابر توجہ ہے۔ گذشتہ کیمپ میں پوری توجہ فٹنس پر تھی۔“
ہندوستان نے ایف آئی ایچ پرو لیگ 2024/25 کے ہوم لیگ میں بھونیشور میں آٹھ میں سے پانچ میچ جیتے اور 15 پوائنٹس حاصل کیے۔ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے۔ اسپین، جرمنی اور انگلینڈ کے خلاف شکستوں کے بعد ہندوستانی ٹیم نے ان تمام ٹیموں کو ریورس فکسچر میں شکست دی۔
کارکردگی پر بات کرتے ہوئے راجندر نے کہا، ”بھونیشور میں ہمارے کچھ میچوں میں کچھ اتار- چڑھاو¿ آئے، لیکن ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔ ہم اب بھی ان میچوں کے ویڈیو سیشن کر رہے ہیں تاکہ یورپ لیگ کی تیاریوں میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ ”اس مرحلے میں ہم نے دیکھا کہ ہم دائرے میں داخل ہو رہے تھے لیکن گول نہیں کر سکے، فی الحال ہم دائرے کے اندر کھیل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فیلڈ گولز کو تبدیل کیا جا سکے اور پنالٹی کارنر پر انحصار کم کیا جا سکے۔“
22 سالہ راجندر کا تعلق ہریانہ سے ہے اور ا نہوں نے جونیئر ٹیم کے لیے سلطان جوہار کپ 2022 اور جونیئر ایشیا کپ 2023 جیسے ٹورنامنٹ جیتے ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے اپنے تجربے پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے سینئر کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، جب بھی ہم سے کوئی غلطی ہوتی ہے تو وہ ہمیں سمجھاتے ہیں کہ صبر کے ساتھ کیسے کھیلنا ہے۔
راجندر نے خاص طور پر ہاردک سنگھ، من پریت سنگھ اور کپتان ہرمن پریت سنگھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا، ”ہاردک پاجی اور من پریت پاجی جب مڈ فیلڈ میں میرے ساتھ کھیلتے ہیں تو میری بہت رہنمائی کرتے ہیں۔ ہرمن پاجی پیچھے سے آواز دے کر میری پوزیشن درست کرتے ہیں۔“
ہیرو ہاکی انڈیا لیگ 2024/25 میں حیدرآباد طوفانزکے لیے کھیلتے ہوئے، راجندر نے ٹیم کو رنر اپ تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پرو لیگ کے پہلے مرحلے میں ہندوستان کے آٹھ میں سے سات میچ کھیلے۔ اب جون میں ہونے والے یوروپی مرحلے میں ہندوستان کو نیدرلینڈ، ارجنٹینا، آسٹریلیا اور بیلجیم جیسی مضبوط ٹیموں کا سامنا کرنا ہے۔
راجندر نے کہا، ”جن ٹیموں کے ساتھ ہم کھیلنے جا رہے ہیں وہ بہت جارحانہ اور جسمانی ہوں گی۔ میرا ذاتی مقصد اپنے دفاع پر توجہ مرکوز کرنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی کھلاڑی مجھے ڈاج نہ کر سکے یا میری لائن کو توڑنہ سکے ۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد