سرینگر، 6 اپریل (ہ س) پولیس نے اتوار کو کہا کہ اس نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں دو افراد کو مجرمانہ مواد کے ساتھ گرفتار کرکے تخریبی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کرالپورہ نے خازن مٹی، کرالپورہ میں ایس او جی کرالپورہ، فوج، اور سی آر پی ایف 98 بٹالین کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ ناکا قائم کیا تھا۔ ناکہ پر معمول کی چیکنگ کے دوران، بس اسٹینڈ کرالپورہ سے ترہگام کی طرف پیدل جانے والے دو افراد کو مشکوک حرکت کرتے دیکھا گیا۔ پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر دونوں افراد نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔تاہم، الرٹ ناکہ پارٹی کی جانب سے تیز رفتار کے ساتھ جوابی کارروائی کے باعث، دونوں مشتبہ افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران، افراد نے اپنی شناخت امتیاز احمد نجار، ولد غلام حسن نجار، اور منیر احمد شیخ، ولد غلام محی الدین شیخ کے طور پر کی۔ انہوں نے کہا کہ افراد کی ذاتی تلاشی پر دو موبائل فونز کے ساتھ اشتعال انگیز اور ملک مخالف مواد پر مشتمل کچھ پاکستانی پوسٹرز برآمد ہوئے۔مجرمانہ مواد کی برآمدگی اور ابتدائی نتائج کے پیش نظر، پولیس اسٹیشن کرالپورہ میں یو اے پی اے ایکٹ اور بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 19/2025 درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے محرکات اور وابستگیوں کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کپواڑہ پولیس امن کو برقرار رکھنے اور خطے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mir Aftab