نئی دہلی، یکم اپریل (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو دہلی کے حیدرآباد ہاو¿س میں چلی کے صدر گیبریل بورک فونٹ سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہندوستان اور چلی جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سی ای پی اے) کے تحت آزاد تجارتی معاہدے کو وسعت دیں گے۔
بحث کے بعد چلی کے صدر بورک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ صدر بورک کا یہ پہلا ہندوستان کا دورہ ہے۔ ہندوستان کے لیے چلی لاطینی امریکہ میں ایک اہم دوست اور شراکت دار ملک ہے۔ آج کی بات چیت میں ہم نے آنے والی دہائی میں تعاون کو بڑھانے کے لیے کئی نئے اقدامات کی نشاندہی کی۔ آج ہم نے اپنی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ باہمی طور پر فائدہ مند جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر بات چیت شروع کریں۔
انہوں نے کہا کہ اہم معدنیات کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط کیا جائے گا۔ لچکدار سپلائی اور ویلیو چین قائم کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔ ہندوستان ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، ریلوے، خلائی اور دیگر شعبوں میں چلی کے ساتھ اپنا مثبت تجربہ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم چلی کو انٹارکٹیکا کے گیٹ وے کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ہم اس اہم شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان آج طے پانے والے لیٹر آف انٹینٹ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ چلی کے لوگوں نے یوگا کو صحت مند طرز زندگی کے طور پر اپنایا ہے۔ چلی میں 4 نومبر کو قومی یوگا ڈے کے طور پر اعلان کرنا ہم سب کے لیے متاثر کن ہے۔ ہم نے چلی میں آیوروید اور روایتی ادویات میں تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف فطرت کے ذریعے بلکہ ہماری بھرپور اور متنوع ثقافتوں کے ذریعے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ نوبل انعام یافتہ گیبریلا میسٹرل نے اروبندو گھوش اور رابندر ناتھ ٹیگور کے فلسفوں سے تحریک لی۔ اسی طرح ہندوستان چلی کے ادب کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ چلی میں ہندوستانی فلموں، کلاسیکی رقص اور کھانوں کی وسیع پیمانے پر پذیرائی اس ثقافتی تعلق کا زندہ ثبوت ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ