نئی دہلی، 26 مارچ (ہ س)۔ کار بنانے والی کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا (ایم ایس آئی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہریانہ کے کھرکھودا میں اپنا تیسرا پلانٹ قائم کرنے کے لیے 7,410 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو منظوری دی ہے۔ اس سے کمپنی کی پیداوار میں سالانہ 2.5 لاکھ گاڑیاں شامل ہوں گی۔
ماروتی سوزوکی انڈیا نے بدھ کے روز اسٹاک ایکسچینج کو ریگولیٹری فائلنگ میں کہا کہ کمپنی کے بورڈ نے کھرکھودا میں تیسرا پلانٹ لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے لیے 7410 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس نئی سہولت سے کمپنی کی پیداوار میں سالانہ 2.5 لاکھ گاڑیاں شامل ہوں گی۔ مجوزہ پلانٹ کے 2029 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
کمپنی نے کہا کہ کھرکھودا میں موجودہ پیداواری صلاحیت 2.5 لاکھ یونٹ سالانہ ہے، جبکہ 2.5 لاکھ یونٹ سالانہ کی پیداواری صلاحیت والا ایک اور پلانٹ زیر تعمیر ہے۔ سالانہ ڈھائی لاکھ گاڑیوں کی گنجائش کے ساتھ کھرکھودا میں تیسرے پلانٹ کے قیام سے گاڑیوں کی پیداوار 7.5 لاکھ یونٹ سالانہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ماروتی سوزوکی انڈیا نے کہا ہے کہ وہ یہ سرمایہ کاری اندرونی ذرائع سے کرے گی۔ کھرکھودا میں تیسرا پلانٹ لگانے کی بڑی وجہ برآمدات سمیت مارکیٹ کی طلب میں اضافہ ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی