جموں, 19 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت میں دیہی ترقی کے وزیر جاوید احمد ڈار نے منگل کو ایوان کو بتایا کہ ادھم پور ویسٹ حلقہ میں پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت تعمیر کی جانے والی سڑکیں ڈیفیکٹ لائبیلٹی پیریڈ میں شامل ہیں، جو تعمیر کے بعد 5 سال تک نافذ العمل رہتی ہے۔ اگر اس مدت کے دوران کسی سڑک میں کوئی نقص پایا جاتا ہے تو متعلقہ کنٹریکٹر اسے درست کرنے کا پابند ہوتا ہے۔
وزیر موصوف نے یہ بیان نائب وزیر اعلیٰ کی جانب سے، رکن اسمبلی پون کمار گپتا کے ایک سوال کے جواب میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ادھم پور ویسٹ میں نبارڈ کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکیں اچھی حالت میں ہیں اور ان میں ناقص میٹریل استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ البتہ، وزیر نے بتایا کہ کینتھ گلی بلاک باؤنڈری ادھم پور سے بریوٹ تک مونگری کے درمیان 7 کلومیٹر سڑک پر کی گئی بلیک ٹاپنگ میں نقص پایا گیا، جس پر حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پرانی تہہ ہٹوا کر ویٹ مکس میکڈم دوبارہ بچھوایا۔ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، اس سڑک پر 50 ملی میٹر بٹومینس میکڈم اور 20 ملی میٹر او جی پی سی دوبارہ بچھائی جائے گی، اور تمام اصلاحی کام متعلقہ کنٹریکٹر مکمل کرے گا۔
وزیر نے مزید کہا کہ مختلف کنٹریکٹرز کو ڈیفیکٹ لائبیلٹی پیریڈ کے تحت سڑکوں کی مرمت کے نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان سڑکوں میں گڑھی سے گاتھیا موڑ، ایل او 23-این ایچ 1 اے کلومیٹر 63 سے گاندلا، گاندلا سے نارور، کینتھ گلی بریوٹ کلومیٹر 20 سے جسرکوٹ، مونگری سے لڈا، کینتھ گلی بریوٹ کلومیٹر 44 سے لالی اور میر سے سروفٹی شامل ہیں۔
وزیر نے کہا کہ نیشنل رورل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ ایجنسی سڑکوں کے معیار کا تکنیکی تجزیہ اور بیرونی کوالٹی اشورنس کے لیے قومی معیار مانیٹر تعینات کرتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یو ٹی میں سڑکوں کی تعمیر کے کام معیاری طریقے سے انجام دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سڑکوں پر مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے، مختلف حساس مقامات پر کریش بیرئیرز نصب کیے گئے ہیں تاکہ حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر