جموں, 19 مارچ (ہ س)۔ راجوری کے بدھل علاقے میں پراسرار اموات کے معاملے پر بدھ کے روز ارکانِ اسمبلی نے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اسمبلی میں ضمنی سوال اٹھاتے ہوئے بدھل کے ایم ایل اے جاوید اقبال چودھری نے کہا کہ ان اموات کے پسِ پردہ سازش کا امکان ہے کیونکہ مختلف نمونوں میں مختلف کیمیکل پائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اموات کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی۔
سی بی آئی تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آئیں اور کسی بھی ممکنہ سازش کو بے نقاب کیا جا سکے۔سی پی آئی (ایم) کے ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ یہ معاملہ پوری اسمبلی کے لیے فکرمندی کا باعث ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت نے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاننا نہایت ضروری ہے کہ اموات کی اصل وجہ کیا ہے اور آیا اس کے پیچھے کوئی نادیدہ ہاتھ تو نہیں۔ اگر ایسا ہے تو اسے بے نقاب کیا جانا چاہیے۔
سرنکوٹ کے ایم ایل اے چودھری اکرم نے بھی بحث میں حصہ لیتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا، وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اس معاملے کی پہلے ہی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے تحقیقات جاری ہیں۔ جیسے ہی محکمے کی رپورٹ موصول ہوگی، آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کیا جائے گا۔قابلِ ذکر ہے کہ نومبر سے جنوری کے دوران بدھال میں ایک پراسرار بیماری کے سبب 16 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن کے نمونوں میں نیوروٹاکسنز پائے گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر