اے ایم یو کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر قرۃ العین علی نے عالمی یوم سوشل ورک پر قومی سیمینار میں خطبہ دیا
علی گڑھ، 19 مارچ (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر قرۃ العین علی نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی، آگرہ کے شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کی۔ انھوں نے ”کے اے پی ماڈل کے ذریعے پائیدار فلاح و بہبود کے لیے بین النسلی یکجہتی کا استحکام“ موضوع پر خطبہ دیتے ہوئے نسلوں کے درمیان عمودی انحصار کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے باہمی تعاون، دیکھ بھال اور نسلوں کے درمیان حکمت و وسائل کی منتقلی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ہندوستان میں بدلتے ہوئے آبادیاتی رجحانات، معمر افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد اور شہروں کی طرف نقل مکانی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے تنہائی کے احساس کو زائل کرنے اور سماجی استحکام کے لیے بین النسلی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیمینار میں نامور ماہرین نے شرکت کی۔ آگرہ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر آشو رانی نے پرو وائس چانسلر پروفیسر اجے تنیجا کے ہمراہ تقریب کی صدارت کی۔ ڈاکٹر علی کے لیکچر کے بعد شرکاء کے ساتھ مکالمہ ہوا، جس میں سوشل ورک پریکٹس میں کے اے پی ماڈل کے اطلاق کے متعدد پہلو واضح ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ