علی گڑھ، 4 فروری (ہ س)۔
اجمل خاں طبیہ کالج میں شعبہ جراحت کے زیر اہتمام یونانی میڈیکل افسران کے لئے میڈیکل ایجوکیشن (سی ایم ای) پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔اسے وزارت آیوش، حکومت ہند نے اسپانسر کیا تھا۔ اپنے صدارتی خطاب میں اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد گلریز نے سی ایم ای پروگراموں میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کو مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے شعبہ جراحت اور اجمل خاں طبیہ کالج میں دستیاب جدید ترین سہولیات کو سراہا جن میں جے این میڈیکل کالج، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج اور انٹر ڈسپلینری ریسرچ سنٹرز کا اہم کردار ہے۔
مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر اصفر علی خان، او ایس ڈی اور ڈائرکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو نے کہاکہ طبی افسران کے لیے تھیوری اور پریکٹس میں مسلسل بہتری ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکاء اس پروگرام سے حاصل ہونے والی بصیرت کو اپنے مفید پائیں گے اور اسے معاشرے کے زیادہ سے زیادہ فائدے کے لیے استعمال کریں گے۔
مہمان اعزازی پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد، پرنسپل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ریاستی یونانی میڈیکل کالج، پریاگ راج نے سی ایم ای کے لئے نامور ماہرین کے انتخاب کو سراہا اور اساتذہ، پریکٹیشنرز، اور یونانی میڈیکل افسران کے لیے اس طرح کے تربیتی پروگراموں کو فروغ دینے کے لیے وزارت آیوش کے عزم کا ذکر کیا۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر تفسیر علی نے تحقیق و تعلیمی امتیاز میں مسلسل تعاون کے لئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیمہ خاتون اور سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد گلریز کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر اصفر علی خاں کی حوصلہ افزائی کو بھی سراہا گیا۔ اے ایم یو سے فارغ التحصیل پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد کے تعاون اور شعبہ جراحت میں ایڈوانسڈ سنٹر فار اینڈوسکوپی کے قیام میں تعاون کے لئے پروفیسر ڈاکٹر نذر عباس(جے پور) کا بطور خاص شکریہ ادا کیا گیا۔
آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر رابعہ ریاض اور ڈاکٹر حافظ حمزہ بلال نے کالج آڈیٹوریم کا مؤثر طریقے سے انتظام و انصرام کیا۔ ڈاکٹر محمد طارق نے بتایا کہ چھ روزہ پروگرام میں ماہرین نے 24 لیکچر اور 24 پریکٹیکل سیشن منعقد کئے۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے چھ شرکاء نے پروگرام کی ترتیب کو سراہتے ہوئے اس کے فوائد کا ذکر کیا۔ سیشن کا اختتام ڈاکٹر سیمیں عثمانی کے خطاب کے ساتھ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ