
بھوپال، 31 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اس وقت شدید سردی کی زد میں ہے۔ ریاست کے مشرقی حصے جبل پور، ریوا، شہڈول اور ساگر ڈویژن میں ٹھنڈ کا اثر سب سے زیادہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ شہڈول ضلع کے کلیان پور میں کم از کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ کو بھی اسی طرح کی ٹھنڈ رہنے کا امکان ہے۔ اسی سرد موسم کے درمیان ریاست میں نئے سال کا جشن منایا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، پہاڑی ریاستوں میں ہو رہی برف باری اور ویسٹرن ڈسٹربنس کی سرگرمی کے سبب مدھیہ پردیش میں سردی اور تیز ہو گئی ہے۔ صبح کے وقت گھنا کوہرا چھایا ہوا ہے، وہیں کئی علاقوں میں سرد لہر اور کولڈ ڈے جیسے حالات بنے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ منگل کو جیٹ اسٹریم کی رفتار 259 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس کے سبب رات کے درجہ حرارت میں تیز گراوٹ درج کی گئی۔ بدھ کو بھی جیٹ اسٹریم کا اثر برقرار رہے گا۔
گھنے کوہرے کے سبب دہلی سے بھوپال، اندور اور اجین کی طرف آنے والی 10 سے زیادہ ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ مالوا ایکسپریس، شتابدی ایکسپریس، سچکھنڈ اور کرناٹک ایکسپریس سمیت کئی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ چھتر پور، پنا، ستنا، میہر، ریوا، مئوگنج، سیدھی، سنگرولی، گوالیار، بھنڈ، مرینا، دتیا، شیوپوری، بھوپال، اجین اور اندور جیسے شہروں میں صبح کے وقت کوہرے کا اثر صاف نظر آیا۔
اس سردی کے موسم میں پہلی بار مدھیہ پردیش کا مشرقی حصہ اتنی شدید ٹھنڈ سے کانپ اٹھا ہے۔ کلیان پور کے علاوہ چھتر پور کے نوگاوں میں کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری، امریا میں 3.1 ڈگری، کھجوراہو میں 4.4 ڈگری، راج گڑھ میں 4.6 ڈگری اور پچمڑھی میں 4.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ منڈلا اور ریوا میں پارہ 5 ڈگری، ستنا میں 5.2 ڈگری، دتیا میں 5.7 ڈگری اور ملاج کھنڈ میں 5.8 ڈگری سیلسیس رہا۔
راجدھانی بھوپال میں کم از کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری، اندور اور گوالیار میں 6.6 ڈگری، اجین میں 9.2 ڈگری اور جبل پور میں 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے قریب 30 شہروں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے رہا۔ دتیا اور کھجوراہو میں گھنے کوہرے کے سبب ویزیبلٹی 50 سے 200 میٹر کے درمیان رہی، جبکہ ستنا، نوگاؤں، ریوا، سیدھی، کھرگون اور منڈلا میں بھی کوہرے کا اثر درج کیا گیا، جس سے ریل آپریشن متاثر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن