
علی گڑھ, 24 دسمبر (ہ س)۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) میں طالبات کی تعلیمی رہنمائی، دماغی صحت کے فروغ اور کھیلوں و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پر ان کی عزت افرائی کے لیے تہنیتی و کاؤنسلنگ پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے کاؤنسلنگ سیشن میں بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے مؤثر حکمت عملیوں پر زور دیا۔ انہوں نے امتحانات کے دوران جسمانی اور ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کی اہمیت بھی بیان کی اور طالبات کو متوازن معمول اپنانے، ورزش اور مثبت سوچ کے ذریعے ذہنی دباؤ کم کرنے اور ضرورت پڑنے پر مدد حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر آگرہ میں منعقدہ قومی سطح کی کبڈی چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی طالبات کو اعزاز سے نوازا گیا اور انھیں ٹی شرٹ تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ اسکول کے اسپورٹس ہفتہ میں سرگرم شرکت پر طالبات کو اسناد پیش کی گئیں، جبکہ احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ کے زیر اہتمام منعقدہ ٹگ آف وار مقابلے کے فاتحین کو بھی اسناد اور تمغے پیش کیے گئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ