
۔جنتا درشن کے دوران موصول ہونے والی شکایت پر یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایات دیں
گورکھپور، 20 دسمبر (ہ س)۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس افسران کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایسے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جو لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر دھوکہ دہی کرتے ہیں۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت دی کہ ایسے ایجنٹوں سے متاثرین کو پوری رقم واپس کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نےبیرون ملک بھجوانے کے نام پر جعلسازی کرنے والوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی ۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کی صبح سخت سردی میں منعقدہ جنتا درشن کے دوران لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔ گورکھ ناتھ مندر کے مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ جنتادرشن میں انہوں نے تقریباً 250 لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے سب کو یقین دلایا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور ہر مسئلہ کو مؤثر طریقے سے حل کیا جائے گا۔
جنتا درشن میں آنے والی ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ کو اپنے خاندان کے ایک فرد کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر ایجنٹ کے ذریعہ دھوکہ دہی کرنے کے بارے میں بتایا۔ وزیراعلیٰ نےجنتا درشن میں موجود پولیس افسران کو ہدایت دی کہ ایجنٹ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ شخص سے رقم وصول کی جائے۔ انہوں نے خاتون کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’بیرون ملک جانے کے نام پر ایجنٹوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ غلط طریقوں سے جانے پر لوگوں کو وہاں جیل میں رہنا پڑتا ہے۔‘‘
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جنتا درشن کے دوران سامنے آنے والے پولیس سے متعلق معاملات میں سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرین کی مدد میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی ہوئی تو متعلقہ شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس حکام سے کہا کہ وہ عوام کے مسائل بروقت، منصفانہ اور معیاری طریقے سے حل کریں۔ ہر مظلوم کی فوری مدد کی جائے۔ انہوں نے زمینوں پر قبضے کی شکایات پر سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
حسب معمول کچھ لوگ جنتا درشن پر علاج کے لیے مالی مددکے لئے پہنچے تھے۔ وزیر اعلی یوگی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد اسپتال کے تخمینہ کا عمل مکمل کریں اور اسے حکومت کو فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈ سے علاج کے لیے مناسب مدد فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلی یوگی نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ جنتا درشن پر آنے والے بچوں کو چاکلیٹ دی، ساتھ ہی ان سے پیار کیا اور انہیں اسکول جانے کی ترغیب دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد