
نئی دہلی، 2 دسمبر (ہ س)۔ حکومت ہند کی کسی بھی غیر قانونی اور ملک مخالف سرگرمیوں کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں حکومت نے 23 تنظیموں کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کی دفعات کے تحت کی گئی ہے۔ یہ جانکاری امور داخلہ کے وزیر مملکت نتیا نند رائے نے منگل کو لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کی۔
امور داخلہ کے وزیر مملکت رائے نے کہا کہ ملک کی خودمختاری، اتحاد، سالمیت اور سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی تنظیم کے خلاف سخت اور مستقل کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پانچ سالوں کے دوران جن 23 تنظیموں کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ان میں سیمی، الفا، اے ٹی ٹی ایف، مختلف منی پوری عسکریت پسند تنظیمیں، ایل ٹی ٹی ای، اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن، پی ایف آئی اور اس سے ملحقہ تنظیموں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں کئی انتہا پسند تنظیمیں شامل ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی اور سماجی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے یہ سخت حکومتی کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے لوک سبھا کو مطلع کیا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو عالمی سطح کی جانچ ایجنسی بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔ این آئی اے کو مضبوط بنانے اور قومی سلامتی سے متعلق جرائم کی روک تھام، تفتیش اور مقدمہ چلانے کے لیے اس کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ این آئی اے ترمیمی ایکٹ، 2019، ایجنسی کو بیرون ملک ہندوستانی مفادات سے وابستہ جرائم کی تحقیقات کا اختیار دیتا ہے۔ ایجنسی کے دائرہ کار میں دھماکہ خیز مواد ایکٹ، انسانی اسمگلنگ، سائبر دہشت گردی، اور اسلحہ ایکٹ کے تحت ہونے والے جرائم کو شامل کرنے کے لیے وسعت دی گئی ہے۔
این آئی اے نے ملک بھر میں توسیع کی ہے، اس نے 21 برانچ آفس، دو زونل دفاتر (گوہاٹی اور جموں) اور دہلی میں ایک ہیڈکوارٹر قائم کیا ہے۔ ایجنسی کے پاس اس وقت 1,901 منظور شدہ پوسٹیں ہیں، جن میں پچھلے پانچ سالوں میں 769 اضافہ کیا گیا ہے۔ اسکےعلاوہ ملک بھر میں 52 خصوصی این آئی اے عدالتوں کو نوٹیفائی کیا گیا ہے۔
امور داخلہ کے وزیر مملکت نے کہا کہ این آئی اے کی تکنیکی اور تجزیاتی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے کئی خصوصی ڈویژنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں نیشنل ٹیرر ڈیٹا فیوژن اینڈ انالیسس سینٹر، کاؤنٹر ٹیررازم ریسرچ سیل، فارن انویسٹی گیشن ریکویسٹ یونٹ، اور ٹیرر فنڈنگ اور جعلی کرنسی سیل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، ایجنسی کے افسران کے لیے اندرون ملک اور بیرون ملک صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کیے گئے ہیں، اور مارچ 2025 میں این آئی اے اور نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد