
نئی دہلی، 16 دسمبر (ہ س)۔
وجے دیوس کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو راشٹرپتی بھون میں ’پرم ویر دیرگھا‘ کا افتتاح کیا۔ اس گیلری میں ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز پرم ویر چکر سے سرفراز سبھی 21 بہادروں کی تصویریں نمائش کی گئی ہیں۔
اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انل چوہان، آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی، ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ، نیوی چیف ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
پرم ویر دیرگھا کا مقصد قوم کی حفاظت میں غیر معمولی ہمت، بہادری اور قربانی کا تعارف دینے والے قومی ہیروز کے بارے میں مہمانوں کو آگاہ کرنا ہے۔ یہ پہل مادر وطن کی خدمت میں اپنی جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی یاد کو عزت دینے کی بھی کوشش ہے۔
جن راہداریوں میں اب پرم ویر دیرگھا قائم کی گئی ہے، وہاں پہلے برٹش اے ڈی سی (ایڈ-ڈی-کیمپ) کی تصویریں لگی ہوئی تھیں۔ ہندوستانی قومی ہیروز کی تصویروں کی نمائش کی یہ پہل نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی کی طرف بڑھتے ہوئے ہندوستان کی مالا مال ثقافت، ورثے اور شاندار روایات کو اپنانے کی سمت میں اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پرم ویر چکر ہندوستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ہے، جو جنگ کے دوران غیر معمولی بہادری، ہمت اور عظیم قربانی کے لیے دیا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن