
مغربی سنگھ بھوم، 16 دسمبر (ہ س)۔
مغربی سنگھ بھوم ضلع کے گوا واقع سیل کی ریلوے سائیڈنگ میں منگل کی صبح ایک بار پھر مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اتر گئی۔ اس واقعے سے پورے علاقے میں ٹرینوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر رہی اور گوا سیل سے ہونے والی خام لوہے کی ڈھلائی کئی گھنٹوں تک ٹھپ ہو گئی۔
موصولہ جانکاری کے مطابق، گوا سیل کے بنکر سائیڈ پر صبح تقریباً 10.45 بجے مال گاڑی کی ایک بوگی اچانک پٹری سے اتر گئی۔ واقعے کے بعد ریلوے ٹریک پوری طرح مسدود ہو گیا، جس سے ریل لائن پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ پٹری سے اترنے کی وجہ سے تقریباً 4 گھنٹے تک کوئی بھی ٹرین اس راستے سے نہیں گزر سکی۔ اس کا سیدھا اثر گوا سیل سے ہونے والی خام لوہے کی مال ڈھلائی پر پڑا، جس سے پیداوار اور سپلائی کا نظام بھی متاثر ہوا۔
مقامی لوگوں اور ملازمین کے مطابق، گوا سیل کے اسی بنکر سائیڈ پر اس سے پہلے بھی 4 بار مال گاڑی پٹری سے اتر چکی ہے۔ بار بار ہو رہے ان واقعات نے ریلوے اور سیل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ لگاتار حادثوں کے چلتے علاقے میں ریل سیکورٹی کو لے کر تشویش کا ماحول برقرار ہے۔
پہلے ہوئے واقعات کے بعد گوا سیل انتظامیہ نے برٹش دور کی پرانی ریل پٹریوں کو ہٹا کر نئی پٹریاں بچھوائی تھیں، تاکہ مستقبل میں پٹری سے اترنے کے واقعات پر روک لگائی جا سکے۔ اس کے باوجود، نئی پٹریوں پر بھی مال گاڑی کا پٹری سے اترنا ریل لائن کے معیار، ڈیزائن اور رکھ رکھاو کو لے کر سنگین سوال کھڑے کرتا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے اور سیل انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچے۔ کرین اور تکنیکی ٹیم کی مدد سے سخت مشقت کے بعد کئی گھنٹوں میں پٹری سے اتری بوگی کو ہٹایا گیا اور ٹریک کو درست کیا گیا۔ اس کے بعد ہی ٹرینوں کی آمد و رفت کو بحال کیا جا سکا۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو ساوتھ ایسٹ ریلوے کے جنرل منیجر انل کمار مشرا کا گوا ریلوے سائیڈنگ معائنہ پروگرام تجویز تھا، لیکن ٹریک متاثر ہونے کی وجہ سے وہ گوا نہیں پہنچ سکے۔ اس کے بعد انہوں نے ڈانگوا پوسی، نووامنڈی اور بڑا جامدا ریلوے سائیڈنگ کا معائنہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن