
سرحدی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے: وزیر اعلیٰ
گنگٹوک، 15 دسمبر (ہ س)۔
سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے سکم میں بھارت چین سرحد پر چولا پاس اور ڈوک لا پاس کو رن بھومی درشن اقدام کے تحت سرکاری سطح پر سیاحت کے لیے باضابطہ طور پر کھول دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پیر کی صبح راجدھانی کے رج پارک میں منعقدہ ایک تقریب میں 25 موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر اس پہل کا باضابطہ آغاز کیا۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ تمانگ نے کہا کہ چو لا پاس اور ڈوک لا پاس کا افتتاح وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس اقدام کا مقصد سرحدی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینا اور منظم سیاحتی سرگرمیوں کے ذریعے مقامی کمیونٹیز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مرکزی حکومت، ریاستی حکومت اور فوج کے درمیان تال میل کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
رن بھومی درشن کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سٹریٹجک طور پر اہم سرحدی علاقوں کی تاریخی اور فوجی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ انہیں باقاعدہ سیاحت کے لیے کھولا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رن بھومی ٹورازم کے وسیع تر تصور کے تحت شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کے بارے میں عوامی بیداری کو بڑھانا، لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا اور سخت حفاظت اور ماحولیاتی معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے مقامی کمیونٹیز کے لیے پائیدارذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے اور سیاحتی سرگرمیوں میں مدد کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رن بھومی درشن کے تحت فوج کی طرف سے منعقد کی گئی سپر کار ریلی نے سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے کامیاب تقریب کے لیے بھارتی فوج کے افسر میجر جنرل ایم ایس راٹھور، ان کی ٹیم اور پروجیکٹ میں شامل پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ