
حیدرآباد، 15 دسمبر (ہ س)۔ میڈچل ضلع کے کیسرہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آنے والے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ یہ واقعہ اَنکی ریڈی پلی چوراہے پر پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر لاری ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث بائک سوار نوجوان حادثے کا شکار ہوا۔پولیس کے مطابق بائک کی لاری سے شدید ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں بائک پر سوار نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔مہلوک کی شناخت سائی پرساد کے طور پر کی گئی ہے، جو بومّلارامارام منڈل کے رنگاپورم گاؤں کا رہنے والا تھا۔ وہ سینک پوری میں ایک بیٹری شاپ چلاتا تھا اور روزمرہ کی طرح دکان بند کر کے گھر واپس جارہا تھا کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آ گیا۔حادثے کے فوراً بعد لاری ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس پر عوام میں شدید ناراضگی دیکھی گئی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی کیسرہ پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار لاری ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے تمام پہلوؤں سے جانچ کی جا رہی ہے اور قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے تاکہ ملزم کو جلد گرفتار کیاجا سکے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر سڑکوں پر لا پرواہ ڈرائیونگ کے بڑھتے خطرات کو اجاگر کرتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مصروف چوراہوں پر ٹریفک نگرانی مزید سخت کی جائے تاکہ اس طرح کے المناک حادثات روکے جاسکیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق