
لداخ کے ایل جی نے ہیلی کاپٹر سروس کا افتتاح کیا
لداخ , 13 دسمبر (ہ س)۔ مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں لیفٹیننٹ گورنر کیوندَر گپتا نے بی۔3 ہیلی کاپٹر سروسز کے نظرثانی شدہ اور توسیع شدہ نظام کا افتتاح کیا۔ اس اقدام کا مقصد خطے میں فضائی رابطہ مضبوط بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام کے لیے ہنگامی سہولیات کو مؤثر بنانا ہے۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لداخ کے وسیع رقبے، دشوار گزار جغرافیہ اور سخت موسمی حالات کے پیش نظر بہتر فضائی رابطہ سہولت نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت ہے۔ نظرثانی شدہ رعایتی کرایوں اور توسیع شدہ روٹس میں لیہہ–کرگل، لیہہ–پدوم، لیہہ لنگشد، لیہہ–ڈبلنگ، لیہہ–نیراک، لہہ–ڈسکت اور لیہہ–تُرتک شامل ہیں، جو مقامی لوگوں اور سیاحوں کو تیز، محفوظ اور کم خرچ سفر کی سہولت فراہم کریں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر سروسز خصوصاً سردیوں کے دوران طبی ہنگامی حالات میں عوام کے لیے لائف لائن ثابت ہوں گی، جب شدید برف باری کے باعث کئی زمینی راستے بند ہو جاتے ہیں۔ ان خدمات کے ذریعے مریضوں کے بروقت انخلا، ضروری اشیاء کی فوری ترسیل اور دور افتادہ دیہات تک انتظامی رسائی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرحدی علاقوں میں رابطہ بہتر بنانے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور نوجوانوں و مقامی آبادی کے لیے مواقع میں اضافہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اپ گریڈ شدہ ہیلی کاپٹر سروسز اسی عزم کا مظہر ہیں اور توقع ہے کہ اس سے لداخ میں سیاحت کو نمایاں فروغ ملے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں سول ایوی ایشن حکام، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بہتر فضائی سہولیات سے معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور دور دراز آبادیوں کا ضلعی ہیڈکوارٹرز سے رابطہ مضبوط ہوگا۔
اس موقع پر چیف سکریٹری ڈاکٹر پون کوتوال نے بتایا کہ خصوصاً زنسکار اور سنگےلالوک علاقوں سے سردیوں کے دوران ہیلی کاپٹر سروسز کی مسلسل مانگ رہتی ہے، جس کے پیش نظر شہری آن لائن بکنگ نظام کے ذریعے ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر