
بارہ بنکی، 4 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع کے دیوا تھانے کے تحت کتلو پور گاوں کے قریب ٹرک اور کار کے درمیان ٹکرمیں کار میں سفر کر رہے ایک جوڑے سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ تمام مرنے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ حادثے میں جوڑے کے دو بیٹے شدید زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں لکھنو¿ ریفر کر دیا گیا ہے۔ پورا خاندان بٹھور سے کار سے واپس آرہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔
بتایا گیا ہے کہ فتح پور کے پردیپ رستوگی نے اپنے پورے خاندان کے ساتھ کار بک کرکے گنگا اسنان کرنے کے لیے بٹھور گئے تھے۔ فتح پور-بارہ بنکی روڈ پر دیوا پولیس اسٹیشن کے تحت کتلو پور گاو¿ں کے قریب پیر کی رات تقریباً 12 بجے ان کی کار کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کے اگلے حصے کے پرخچے اڑ گئے اور 14 فٹ لمبی گاڑی تقریباً 7 فٹ تک رہ گئی۔ اس حادثے میں فتح پور کے رہنے والے پردیپ رستوگی (55)، ان کی بیوی مادھوری رستوگی (52)، بیٹا نتن رستوگی (35)، ڈرائیور شریکانت (40)، نیمیش (20) اور بالاجی (55) ہلاک ہوگئے۔ پردیپ کے چھوٹے بیٹے کرشنا رستوگی (15) اور وشنو (22) جو کہ شدید زخمی ہیں، کو ضلع اسپتال سے لکھنو¿ ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ ششانک ترپاٹھی اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ارپت وجے ورگیہ جائے وقوعہ پر پہنچے، حادثے کی تفصیلات معلوم کیں اور زخمیوں کو بہترین علاج کی ہدایت کی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ارپت وجے ورگیہ نے بتایا کہ زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے۔ دیوا کوتوالی انچارج اجے کمار ترپاٹھی نے ٹرک کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد