
پونچھ پولیس نے منشیات فروش کی کروڑوں روپے کی جائیداد کو ضبط کیا
جموں، 13 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف جاری مہم کے تحت پونچھ پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن پونچھ میں درج ایف آئی آر نمبر 178/2025 کے تحت منشیات مخالف قانون کی دفعات 8، 21، 22 اور 29 کے ساتھ ساتھ بی این ایس کی دفعہ 111 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران محمد اقبال ولد غلام نبی سکنہ سیری خواجہ حال کامسر کی جائیداد کو ضبط کیا گیا۔
ضبط کی گئی جائیداد اس کی اہلیہ شہناز کوثر کے نام پر ہے، کامسر میں واقع تین منزلہ زیر تعمیر عمارت پر مشتمل ہے۔ یہ جائیداد خسرہ نمبر 2093 کے تحت دس مرلہ اراضی پر تعمیر کی جا رہی تھی، جس کی تخمینی مالیت تقریباً ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ کارروائی منشیات کے دھندے کی مالی بنیادوں پر کاری ضرب لگانے اور معاشرے میں اس لعنت کے خاتمے کے لیے پولیس کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
پونچھ پولیس نے واضح کیا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ یا اس سے وابستہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی و مالی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں یا ان کے نیٹ ورک سے متعلق کسی بھی مستند اطلاع کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ اطلاع دہندگان کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر