


وزیراعلیٰ نے ریاست کے 1.33 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 233 کروڑ روپے کی بھاو انتر رقم منتقل کی
بھوپال، 13 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھاو انتر یوجنا کے تحت ریاست کے ایک لاکھ 33 ہزار سویابین کسانوں کو بڑی سوغات دی ہے۔ انہوں نے جمعرات کو دیواس میں منعقد ریاستی سطح کے پروگرام میں ان کسانوں کے کھاتوں میں یوجنا کے تحت 233 کروڑ روپے کی رقم منتقل کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دیواس ضلع میں 183 کروڑ 25 لاکھ روپے کی لاگت سے آٹھ ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن بھی کیا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے دیواس نگر میں روڈ شو بھی کیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں بھاو انتر یوجنا نافذ کی گئی۔ کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت دلانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی محنت سے مدھیہ پردیش ملک میں سویابین اسٹیٹ کے طور پر ابھرا ہے۔ ہر سال مرکزی حکومت ایم ایس پی بڑھا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیواس کو 188 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کی سوغات دی جا رہی ہے۔ ریاست میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے کئی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔ گھر آنگن میں گائے، بچھڑے ہونے سے خوشی حاصل ہوتی ہے، اور دودھ کی پیداوار میں اضافے کے لیے لگاتار کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دسمبر کو گیتا جینتی منائی جائے گی۔ نگر پالیکا اور نگر پریشد کی سطح پر گیتا بھون کھولے جائیں گے۔ آنے والا سال زرعی صنعتوں کے لیے جانا جائے گا۔ گیہوں کا نرخ بتدریج 2700 روپے تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ کانگریسی روتے رہیں گے، ہم منصوبوں کا فائدہ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر جوان اور کھیت میں کسان — دونوں برابر ہیں۔ اس دوران انہوں نے کانگریس پر سخت نشانہ سادھا اور کہا کہ کانگریس اگلے پچاس سال تک اقتدار سے باہر رہے گی۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں انتخاب ہو رہا تھا اور راہل گاندھی پچمڑھی میں چھٹیاں منا رہے تھے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے پولیس لائن میں واقع پروگرام مقام پر لگائی گئی زرعی مشینوں کی نمائش کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زرعی آلات جیسے روٹاویٹر، ڈرون، سپر سیڈر، براؤڈ بیڈ فرو پلانٹر، ملچر، فرٹی لائزر براڈ کاسٹر، بھوسا لوڈر، لیزر اینڈ لیولر، خودکار ٹول بار، راونڈ بیلر، سلیشر، اسٹا ریپر، ریپر کم بائنڈر، اسپرے پمپ، سیڈ گریڈر ود کنویئر، ڈِسک پلو سمیت دیگر آلات کا معائنہ کیا۔اس کے ساتھ ہی زرعی وگیان کیندر کی جانب سے لگائی گئی نامیاتی اور قدرتی کاشتکاری کی نمائش دیکھی اور کسانوں سے تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن