سونی پت، 9 اکتوبر (ہ س)۔ ہریانہ کے سونی پت ضلع میں بدھ کی رات نیشنل ہائی وے 334بی پر ایک خوفناک سڑک حادثے میں دو نوجوان ہلاک اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ گائوں پالدی کلاں اور کھیوڑہ کے درمیان اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے کھڑے پک اپ ٹرک کو ٹکر مار دی۔
پولیس کے مطابق مرنے والے اور زخمی سبزی کے تاجر تھے جو باغپت ضلع کے دوجھا گاؤں سے دہلی کی آزاد پور منڈی میں سبزی لے کر جا رہے تھے۔ راستے میں اچانک ٹرک کا ٹائر پنکچر ہو گیا۔ ڈرائیور للت ٹائر ٹھیک کرانے گیا جبکہ باقی گاڑی میں ہی رہے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ٹرک نے کھڑے پک اپ ٹرک کو ٹکر مار دی۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ پک اپ مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس سے نوجوان اندر پھنس گئے۔ دوجھا گاؤں کے رہنے والے ثاقب (18) اور اکشے (16) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ روز الدین، کوشک، ارون، آصف، اور عارف شدید زخمی ہوگئے۔
تصادم کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ گاؤں والوں کی مدد سے پولیس نے زخمیوں کو سول اسپتال سونی پت میں داخل کرایا۔ ان کی حالت بگڑنے پر انہیں پی جی آئی، روہتک ریفر کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متوفی کے اہل خانہ جائے وقوعہ پر پہنچے جس سے کہرام مچ گیا۔
پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش کی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال بھجوا دیا۔
حادثہ کے بعد ملزم ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے گاڑی کی شناخت کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی