
جموں, 31 اکتوبر (ہ س)لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے جمعہ کے روز کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قومی یکجہتی کی تحریک قوم کی ’آکسیجن‘ ہے اور لداخ ان کے تصورِ اتحادِ ہند کی روزانہ عملی تعبیر پیش کرتا ہے۔یوم قومی یکجہتی کے موقع پر سردار پٹیل کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر لیہہ میں رن فار یونیٹی دوڑ کا افتتاح کرتے ہوئے اور اتحاد کا حلف دلانے کے بعد، گپتا نے عوام سے اپیل کی کہ لداخ کو ’قومی یکجہتی کی تجربہ گاہ‘بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ہماری قوم کی سانس ہے۔ لداخ میں ہم ہر روز سردار پٹیل کے وژن کو اپنی زندگیوں میں محسوس کرتے ہیں۔ یہاں بدھ، مسلم، سکھ اور عیسائی برادریوں کا باہمی ہم آہنگ اتحاد قومی یکجہتی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج جب سیاچن گلیشیئر اور پینگونگ جھیل کی برف پوش چوٹیوں پر ترنگا فخر سے لہرا رہا ہے اور مختلف مذاہب کے لوگ بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ رہ رہے ہیں، تو یہ پورے ملک کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔انہوں نے لداخ کو ہندوستان کا تاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی مورچوں پر تعینات ہر سپاہی ’عصرِ حاضر کا سردار پٹیل‘ ہے، جو اس تاج کی حفاظت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لداخ وہ خطہ ہے جہاں کرگل کی مساجد اور لیہہ کے گھمپا ایک ساتھ ہندوستانی ثقافت کی ہم آہنگ دھن بجاتے ہیں، جو ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے۔سردار پٹیل کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے گپتا نے کہا کہ ہر ہندوستانی کو یہ بھول جانا چاہیے کہ وہ راجپوت، سکھ یا ہندو ہے اسے صرف یاد رکھنا چاہیے کہ وہ ایک ہندوستانی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یومِ قومی یکجہتی کے اس موقع پر ہم لداخ کی مقدس دھرتی پر کھڑے ہیں، جہاں ہمالیہ کی بلند و بالا چوٹیاں محافظ بن کر ایستادہ ہیں اور دریائے سندھ صدیوں سے اتحاد و یکجہتی کا پیغام سناتا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2014 سے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ پیدائش، 31 اکتوبر، پورے ملک میں یومِ قومی یکجہتی کے طور پر منائی جا رہی ہے۔
آج تمام برادریوں کے لوگ اس موقع پر جمع ہو کر اس عظیم فرزندِ ملت، سردار ولبھ بھائی پٹیل، کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں، جنہیں بجا طور پر معمارِ جدید ہندوستان کہا جاتا ہے۔
گپتا نے کہا کہ لداخ وہی خطہ ہے جہاں ماضی میں تاریخ کی سب سے دشوار ترین جنگی سپلائی آپریشنز میں سے ایک انجام پایا، جس نے اس اہم سرحدی علاقے کے دفاع اور انضمام کو ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہی اور شہری ہمیشہ سے اس ہمالیائی خطے کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ بنائے رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر