
جوہانسبرگ، 27 اکتوبر (ہ س)۔ بلے باز ٹیمبا باوما ہندوستان کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے کپتان کے طور پر جنوبی افریقہ واپس آگئے ہیں۔ باوما پنڈلی کی انجری سے صحت یاب ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ سے باہر ہو گئے تھے۔
باوما اس ہفتے سے شروع ہونے والی پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔ تاہم، وہ ہندوستان کے دورے سے قبل بنگلورو میں انڈیا اے کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں جنوبی افریقہ اے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ اس کے بعد وہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ باوما کی واپسی پاکستان کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کی واحد بیٹنگ تبدیلی ہے۔ ان کی واپسی کے نتیجے میں ڈیوڈ بیڈنگھم کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ بیڈنگھم نے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔ انہوں نے اب تک 15 ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ شکری کونراڈ نے ایک بیان میں کہا، پاکستان میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ بیڈنگھم کو باہر چھوڑنا آسان نہیں تھا، لیکن ہمارے پاس جو کھلاڑی ہیں وہ بھارت اور پاکستان کی کنڈیشنز میں زیادہ موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ مکمل طور پر کنڈیشنز اور ٹیم کے کمبی نیشن پر مبنی ہے۔ کونراڈ نے زبیر حمزہ کی سلیکشن کے بارے میں کہا کہ وہ اسپن کے اچھے کھلاڑی ہیں اس لیے انہیں بھارت جیسی کنڈیشنز میں موقع دیا گیا ہے۔ حمزہ نے حال ہی میں نیوزی لینڈ 'اے' کے خلاف سنچری بنائی تھی۔
تین ماہر اسپنرز، کیشو مہاراج، سائمن ہارمر، اور سینورن متھوسمی کو برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستان میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے پرینیلن سبراین کو اس بار شامل نہیں کیا گیا۔ کاگیسو ربادا، مارکو جانسن اور کوربن بوش کو فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے۔ لنگی انگیڈی جو پاکستان کے دورے پر نہیں تھے، کو اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے کولکاتا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 22 دسمبر سے گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ اس دورے میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے گا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم (بھارت ٹیسٹ سیریز کے لیے):
ٹیمبا باوما (کپتان)، ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، ٹرسٹن اسٹبس، کائل ویرین، ڈیولڈ بریوس، زبیر حمزہ، ٹونی ڈی زورزی، کوربن بوش، ویان مولڈر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، سینوران متھوسامی، کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی