وزیر اعلیٰ نے جموں میں مختلف وفود سے ملاقات کی
جموں، 17 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے آج مختلف وفود اور شخصیات نے اُن کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ترقیاتی، تعلیمی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے اساتذہ پر مشتمل ایک وفد نے وزیراعلیٰ کے سیلاب ریلیف فنڈ کے لیے 11 لاکھ روپے سے زائد رقم کا چیک پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس جذبۂ خدمت اور انسانیت دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے سماج میں ہمدردی اور یکجہتی کے احساسات مضبوط ہوتے ہیں۔
اسی طرح جے اینڈ کے جوائنٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کی چیئرپرسن راج کمار چودھری نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور عوامی سہولیات میں بہتری سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔ آئی ڈی پی ایس گھو منہاساں کے طلباء و اساتذہ پر مشتمل ایک وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران دیہی و شہری علاقوں کے درمیان تعلیمی خلا کو کم کرنے اور طلباء میں قیادت و ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے موقع پر اسکول کا نیوز لیٹر جاری کیا اور طلباء کو لگن، دیانتداری اور بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
اس کے علاوہ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی جموں کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سندیپ گپتا کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعلیٰ کو یونیورسٹی کے آفاتِ سماوی سے متعلق تربیتی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا، جنہیں وزیراعلیٰ نے وقت کی ضرورت قرار دیا۔ دریں اثنا، مرکزی جامع مسجد طلب کھٹیکاں، جموں کے شاہی امام مفتی عنایت اللہ کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور جامع مسجد و مدرسہ سے متعلق امور پر گفتگو کی۔
اسی دوران ڈی ڈی سی ممبر دنسال شمیم بیگم، ایم ایل اے بنی ڈاکٹر رمیشور سنگھ اور جموں صوبہ نیشنل کانفرنس کے صدر رتن لال گپتا نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے ترقیاتی و عوامی مسائل اُن کے گوش گزار کیے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے تمام وفود کی بات بغور سنی اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مفاد سے جڑے تمام جائز مطالبات کا فوری اور سنجیدہ طور پر جائزہ لے کر مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر