مدھیہ پردیش میں اگلے تین دنوں کے لیے بارش کا الرٹ، جنوبی حصے میں ہلکی بوندا باندی کا امکان
۔ 15 شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس
بھوپال، 17 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں اگلے تین دنوں تک بارش کے امکانات ہیں۔ ریاست کے جنوبی حصے میں ہلکی بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں، تاہم تیز بارش کی کوئی وارننگ نہیں ہے۔ حالانکہ چار دن پہلے ہی مانسون پورے صوبے سے وداع ہوچکا ہے، لیکن اس کے باوجود کچھ اضلاع میں اب بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمات کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب اور اس سے ملحق لکشدیپ کے علاقے میں ہوا کے بالائی حصے میں سائیکلونک سرکولیشن بنا ہوا ہے، جو 19 اکتوبر تک کم دباو کے علاقے میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ وہیں ہواوں کا رخ مشرقی بنا ہوا ہے، جس کے باعث بادل چھائے ہوئے ہیں اور کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی بھی ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک صوبے کے جنوبی حصے میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جمعہ اور ہفتہ (18-17 اکتوبر) کو اندور، اجین، جبل پور، نرمداپورم، چھندواڑہ، کھنڈوا، جھابوا، دھار، علی راج پور، کھرگون، بڑوانی، برہانپور، دیواس، آگر مالوا، نیمچ، شاجاپور، رتلام، بیتول، ہر دا، کٹنی، سیونی، نرسنگھ پور، ڈنڈوری، بالا گھاٹ اور منڈلا میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
اس دوران ریاست میں سردی نے بھی دستک دینا شروع کر دی ہے۔ ریاست کے 15 شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کھنڈوا میں سب سے کم 16 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 34.2 ڈگری سیلسیس کھجوراہو میں درج کیا گیا۔ اس بار مدھیہ پردیش میں مانسون جم کر برسا۔ مجموعی طور پر 3 ماہ 28 دن تک بارش ہوئی اور 10 سال میں تیسری بار سب سے زیادہ پانی گرا۔ وہیں بھوپال، گوالیار سمیت30 اضلاع ایسے رہے جہاں معمول سے کہیں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس مانسونی سیزن میں سب سے زیادہ بارش گنا ضلع میں ریکارڈ کی گئی، جہاں پورے سیزن میں 65.7 انچ پانی برسا۔ وہیں شیوپور میں اوسط کے مقابلے 216.3 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔موسم ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی بارش کے باعث نہ صرف پینے کے پانی کی وافر مقدار دستیاب ہے بلکہ آبپاشی کے لیے بھی کافی پانی موجود ہے۔ زیر زمین پانی کی سطح میں بھی اضافہ برقرار رہے گا۔حالانکہ شاجاپور ایسا ضلع رہا جہاں سب سے کم 28.9 انچ یعنی صرف 81.1 فیصد بارش ہوئی۔ اس سے پہلے محکمۂ موسمیات نے پورے مانسونی سیزن میں ریاست میں 106 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، مگر حقیقت میں 15 فیصد زیادہ پانی برسا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن