نئی دہلی، 16 اکتوبر (ہ س)۔ احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ کیپٹن سمت سبھروال کے والد پشکر راج سبھروال نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اپنی درخواست میں سبھروال کے والد نے طیارہ حادثے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پشکرراج سبھروال نے کہا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کئی خامیاں ہیں اور یہ پائلٹوں پر مرکو زہے، جو اب اپنا دفاع کرنے سے قاصر ہیں۔ عرضی میں سبھروال نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے ۔ پشکرراج اس معاملے میں پہلے عرضی گزار ہیں۔
فیڈریشن آف انڈین پائلٹس نے بھی اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں بہت زیادہ خامیاں ہیں۔ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثہ انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ موجودہ تحقیقاتی طریقہ کار کی وجہ سے ان دوسرے زیادہ قابل اعتماد تکنیکی اور قابل عمل نکات کی صحیح سے جانچ نہیں ہو سکی، جن کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مخصوص حصے کے انکشاف کے ذریعہ غلط معلومات دی گئی ۔ اس سے اصل وجہ معلوم کرنے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ اس لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات فطری انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔
دراصل، 12 جون، 2025 کو، احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے لیے ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد ہی ایئر انڈیا کا طیارہ میگھانی نگر علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد