نئی دہلی، 28 جنوری (ہ س)۔ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں صدر دروپدی مرمو کے خطاب کے ساتھ شروع ہوگا۔ اگلے دن یکم فروری کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن مالی سال 26-2025 کے لیے مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 31 جنوری سے شروع ہو کر 13 فروری کو ختم ہو گا۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے شروع ہوگا جو 4 اپریل تک چلے گا۔ صدر دروپدی مرمو بجٹ اجلاس کے پہلے دن 31 جنوری کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے لوک سبھا چیمبر میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کریں گی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب کے بعد جمعہ کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی مختصر میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن دونوں ایوانوں میں اقتصادی سروے پیش کریں گی۔
پارلیمانی نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو لوک سبھا میں 26-2025 کا مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر 3 اور4 فروری کو بحث کی جائے گی، جب کہ راجیہ سبھا نے بحث کے لیے تین دن کا وقت رکھا ہے۔ مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ حکومت نے 30 جنوری کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈروں سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ آئندہ اجلاس کے دوران ایوان میں ہموار بحث ہوسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن ایک اچھا اور متوازن بجٹ پیش کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عبدالواحد