نئی دہلی، 22 جنوری (ہ س)۔ کولکتہ کے آر جی کر عصمت دری اور قتل کیس میں سی بی آئی کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ سپریم کورٹ اس درخواست پر 29 جنوری کو سماعت کرے گی۔ یہ درخواست آج چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے درج تھی۔ چیف جسٹس نے سماعت 29 جنوری کو کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کے وکلا کی موجودگی میں سماعت ہوگی۔ کولکتہ کی ٹرائل کورٹ نے اس معاملے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ مغربی بنگال حکومت نے اس فیصلے کو کلکتہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے اور ملزم کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
7 نومبر 2024 کو سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت مغربی بنگال سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 20 اگست 2024 کو نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دی تھی۔ نیشنل ٹاسک فورس کو ڈاکٹروں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کام کے لیے آسان ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنی تجاویز دینا ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عبدالواحد