جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی: وزیراعلیٰممبئی، 22 جنوری (ہ س)۔ جلگاؤں ضلع کے پردھاڑے اسٹیشن کے قریب بدھ کی شام پیش آئے ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہو گئی ہے۔ اس واقعہ میں 20 افراد جلگاؤں سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد اور زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ، ضلع انتظامیہ اور گاؤں والے مل کر جائے حادثہ پر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔
وزیر اعلی دیویندر فڑنویس فی الحال داؤس کے دورے پر ہیں۔ وہاں سے انہوں نے میڈیا سے کہا کہ جلگاؤں میں ٹرین حادثہ بہت افسوسناک ہے۔ میں نے ضلع مجسٹریٹ سے بات کی ہے اور وزیر گریش مہاجن موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ موقع پر ریلوے اور ضلعی انتظامیہ آپس میں تال میل بنا کر راحت اور بچاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے پانچ پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے گا۔
ضلع افسر بھوشن اہیرے نے بتایا کہ بدھ کی شام تقریباً 5.15 بجے لکھنؤ سے ممبئی آنے والی پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ کی وجہ سے 40 مسافروں نے ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ اسی دوران پشپک ایکسپریس سے چھلانگ لگانے والے مسافر ممبئی سے دہلی جا رہی کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آ گئے۔ اس واقعے میں اب تک 16 مسافروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 20 زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعے کی وجہ سے اس روٹ پر سروس متاثر ہوئی تھی لیکن اب ریلوے سروس بحال کردی گئی ہے۔ پشپک ایکسپریس کو بھی ممبئی کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ