علی گڑھ, 7 ستمبر (ہ ایس)اے ایم یو کی دینیات فیکلٹی میں اصول تحقیق کے موضوع پر توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا۔صدر مجلس سابق ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنس پروفیسر مرزا اثمر بیگ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پی ایچ ڈی مقالہ لکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم سب سے پہلے یہ طے کریں کہ کس موضوع پر کام کرنا ہے اوراس موضوع سے متعلق موجود لٹریچر کا مطالعہ کریں۔ مطالعہ کے بعد یہ طے کیا جانا چاہیے کہ مصنفین و محققین نے موضوع کی کتنی جہات کااحاطہ کیا ہے اور کون سی ایسی جہات ہیں جن پر بات نہیں کی گئی ہے۔ انھیں بقیہ جہات کو ہی ریسرچ گیپ کہا جاتا ہے اوراس ریسرچ گیپ کو مکمل کرنا ہی اصل تحقیق ہے۔
اس خلاء کو بھرنے کے طریقہ کو بتلاتے ہوئے پروفیسر بیگ نے کہا کہ اس کیلئے ہم سب سے پہلے کچھ سوال اٹھائیں،پھر ان سوالات کے جوابات تلاش کریں اورانہی جوابات کو ایمانداری سے مرتب انداز میں تحریری شکل دینے سے تحقیقی مقالہ مکمل ہوتا ہے۔
مہمان مقرر ڈاکٹر آصف اختر،استاذ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن،اے ایم یو نے سب سے پہلے اس بات کی وضاحت کی کہ ریسرچ وتحقیق کسی بھی ایک موضوع کے ساتھ خاص نہیں بلکہ تمام علوم میں ریسرچ ہوسکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ریسرچ کے کچھ اصول ہیں جن پر ہردور میں عمل ہوتا رہاہے، جب کہ عصر حاضر میں جدید ٹکنالوجی نے اس طریقہ تحقیق میں کچھ اضافے کیے ہیں جن سے اسکالرز کو بہت آسانی ہوگئی ہے اورکام کی رفتار بڑھ گئی ہے۔
مقرر موصوف نے آن لائن جرنل اوراسکوپس میں شامل مجلات میں مذہبی موضوعات پر لکھے گئے مقالات کا تجزیاتی مطالعہ پیش کرتے ہوئے مختلف ممالک میں لکھے گئے ان مقالات کی تعداد اورموضوعات کا ایک شماریاتی نمبر پیش کرنے کے ساتھ لکھے جانے والے جدید موضوعات کو بیان کیاجس میں میڈیکل سائنس،سوشل میڈیااورجدیدٹکنالوجی سے متعلق مذہبی تعلیمات شامل ہیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایاکہ مذہبی موضوعات پر اکثرنظریاتی مقالات لکھے جاتے ہیں جب کہ شماریاتی تحقیق بھی ہوسکتی ہے، اس کیلئے شعبہ شماریات کے اساتذہ کی مدد لی جاسکتی ہے۔نیز انھوں نے طریقہ تحقیق کے تمام جہات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔
صدرشعبہ شیعہ دینیات ڈاکٹرسید محمد اصغر نے تاریخی حوالہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علماء اسلام کی تحریریں تحقیقی ہوتی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ریسرچ وتحقیق میں مسلکی ومذہبی عقیدہ کا دخل نہ ہو، بلکہ ریسرچ اسکالر کا عدم تعصب کی صفت سے متصف ہونا ضروری ہے۔
پروگرام کی نظافت کے فرائض ڈاکٹر محمد عاصم خان نے انجام دئے جب کہ ڈاکٹر ہادی رضا نے کلمات تشکر پیش کیے۔ پروگرام میں فیکلٹی کے اساتذہ اورطلباء وطالبات خاصی تعداد میں موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ