پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن
پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جموں، 6 مئی (ہ س)۔ ہندوستا
file photo


پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن

جموں، 6 مئی (ہ س)۔ ہندوستانی فوج نے ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے کے بعد پونچھ ضلع کے سرنکوٹ کے شاہستار علاقے میں بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کی تلاش میں جاری سرچ آپریشن تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے تاہم فورسسز کو ابھی تک دہشت گردوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ فضائیہ کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ایک جوان شہید اور چار دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

حملے کے بعد فوج نے پورے علاقے میں حفاظتی اقدامات کو سخت کر دیا ہے۔ دہشت گردوں نے ہفتہ کو آئی اے ایف کے قافلے پر حملہ کیا تھا۔ حکام کے مطابق جاری آپریشن کے ایک حصے کے طور پر مسلح بلٹ پروف گاڑیاں علاقے میں گشت کر رہی ہیں جب کہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے ڈاگ اسکواڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کا مقصد حملے کے ذمہ دار دہشت گردوں کا سراغ لگانا اور علاقے میں شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ اس سے پہلے 5 مئی کو فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے سینئر عہدیداروں نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کی نگرانی کے لیے پونچھ کا دورہ کیا جہاں ہفتہ کو دہشت گردوں نے آئی اے ایف کے قافلے پر حملہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین نے 16 کور فوج کے کور کمانڈر، جی او سی رومیو فورس، آئی جی پی سی آر پی ایف اور ڈی آئی جی آر پی رینج کے ساتھ علاقے کا دورہ کیا اور دہشت گرد مخالف تلاشی آپریشن کی نگرانی کی۔ فورسسز نے بہت سے مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے اُٹھایا ہے۔ حکام کے مطابق سرچ آپریشن دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں ناکے لگا دیے ہیں اور چیکنگ جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

/شہزاد


 rajesh pande