جیتو پٹواری کے خلاف پانچ دنوں میں چوتھی ایف آئی آر، اب اشوک نگر میں بھی مقدمہ درج
بھوپال،5مئی (ہ س)۔ ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری کی مشکلات کم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ان
جیتو پٹواری کے خلاف پانچ دنوں میں چوتھی ایف آئی آر، اب اشوک نگر میں بھی مقدمہ درج


بھوپال،5مئی (ہ س)۔ ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری کی مشکلات کم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ان کے خلاف اشوک نگر کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں ہفتہ کی دیر رات ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس سے پہلے ہفتہ کو ہی بھنڈ ضلع کے عمری تھانہ علاقے میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ جیتو پٹواری کے خلاف پانچ دنوں میں یہ چوتھا کیس درج کیا گیا ہے۔

دراصل ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری کے خلاف ہفتہ کو بھنڈ کے عمری پولیس اسٹیشن میں ووٹروں کو گمراہ کرنے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ حال ہی میں عمری میں ایک جلسہ عام کے دوران بی ایس پی لیڈر اشوک کمار گپتا نے بھنڈ-دتیا لوک سبھا سیٹ سے بی ایس پی امیدوار دیواشیش جراریا اور مایاوتی کے درمیان پیسوں کے لین دین سے متعلق بیان کی شکایت کی تھی جس کی جانچ کے بعد یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔

جانکاری کے مطابق یکم مئی کو بی ایس پی لیڈر اشوک کمار گپتا نے شکایت کی تھی کہ 27 اپریل کو عمری میں پولیس گورنمنٹ ہاوس کے قریب گراونڈ میں منعقد ایک جلسہ میں جیتو پٹواری نے کانگریس سے بغاوت کرکے بی ایس پی سے الیکشن میدان میں اترے دیواشیش جراریا کو لیکر متنازعہ بیان دیا ہے۔ پٹواری نے کہا تھا کہ جو (دیواشیش) ابھی گیا ہے، جس دن گیا اور فوٹو ڈالی، اس کے ایک دن پہلے ایک گھنٹہ تک میرے ساتھ تھا، اسے اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑانے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن یہ صرف ووٹ کاٹنے کی کہانی نہیں ہے۔ نوٹ کی کہانی ہے۔ وہ وہاں سے سامان لے کر آئے، بی جے پی سے، سیدھے مایاوتی کے پاس گئے اور وہاں سے صرف ایک ہی ہدایت ملی کہ کانگریس کو شکست دو اور جمہوریت کے قاتلوں کی مدد کرو۔ عمری پولیس اسٹیشن کے انچارج چھترپال سنگھ تومر نے بتایا کہ پولیس سپرنٹنڈنٹ اور کلکٹر کو کی گئی شکایت کی جانچ کے بعد جیتو پٹواری کے خلاف عوامی نمائندگی قانون کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

وہیں جیتو پٹواری کے خلاف ہفتہ دیر شام اشوک نگر کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ سابق وزیر اور بی جے پی لیڈر امرتی دیوی کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے پر درج کیا گیا ہے۔ قبل ازیں 29 اپریل کو علیراج پور ضلع کے جوبٹ پولیس اسٹیشن نے زیادتی کا شکار نابالغ لڑکی کے خاندان کی شناخت ظاہر کرنے پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ اس کے بعد ان کے خلاف جمعہ کو گوالیار میں امرتی دیوی پر متنازعہ تبصرہ کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس طرح جیتو پٹواری کے خلاف پانچ دنوں میں چوتھا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار//سلام


 rajesh pande