جس نے ٹیم انڈیا کو جتایا عالمی کپ ،پاکستان نے بھی اسی کو بنا لیا ہیڈ کوچ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لئے2 غیرملکی کوچز کے ناموں کا اعلان کیا نئی دہلی ،28اپریل
جس نے ٹیم انڈیا کو جتایا عالمی کپ ،پاکستان نے بھی اسی کو بنا لیا ہیڈ کوچ


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لئے2 غیرملکی کوچز کے ناموں کا اعلان کیا

نئی دہلی ،28اپریل (ہ س )۔

پاکستان کرکٹ بورڈ یعنی پی سی بی نے ایک بڑا اعلان اتوار کو کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20سیریز کے بعد بورڈ نے پاسکتان ٹیم کے ہیڈ کوچز کے ناموں کا اعلان کر دیاہے۔ پاکستان ٹیم بھی اب انگلینڈ کی راہ پر چل رہی ہے۔جس طرح انگلینڈ نے کیا اسی طرح پاکستان بھی ٹیسٹ کے لئے الگ اور ونڈے اور ٹی20کے لئے الگ الگ کوچز کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس میں ایک دلچسپ بات یہ رہی کہ جس شخص نے ہندوستان کو ورلڈ کپ جتایا اور اہم کردار ادا کیا اسی کو پاکستان نے بھی اپنا ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کا کوچ لا رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن وائٹ بال کے کوچ ہوں گے۔

لاہور میں محسن نقوی نے اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کوچز کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے، اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، یہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ تینوں تقرریاں 2 سال کی مدت کے لیے کی گئی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ہم بہتر کرنے میں کامیاب ہوں گے، اظہر محمود ٹیم کو ایک جگہ پر لائے ہیں، ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لارہے ہیں، ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کر کے بینکوں میں جمع کرنا نہیں، فزیو تھراپسٹ کے لیے ڈیوائسز منگوالی ہیں، اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، 7 مئی کو ہماری انٹرنیشنل بڈ ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایسی کمپنیاں ہوں گی جو انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کا تجربہ رکھتی ہیں، ہم تاخیر کا شکار ہیں لیکن جلد از جلد کام مکمل کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ احسان اللہ کے حوالے سے پینل کی رپورٹ کا انتظار ہے، ابھی اس پر کمنٹ نہیں کروں گا جو بھی ذمہ دار ہوگا ایکشن ہوگا، احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی،منگل بدھ تک رپورٹ آجائے گی، ہمارے لیے سب کرکٹر اہم ہیں۔

ہندوستھان سماچار


 rajesh pande