سڈنی، پادری نے اپنے اوپر چاقو سے حملہ کرنیوالے شخص کو معاف کردیا
سڈنی ،22اپریل (ہ س )۔ سڈنی کے چرچ میں چاقو کے واروں کا نشانہ بننے والے پادری نے اپنے حملہ آور کو مع
سڈنی، پادری نے اپنے اوپر چاقو سے حملہ کرنیوالے شخص کو معاف کردیا


سڈنی ،22اپریل (ہ س )۔

سڈنی کے چرچ میں چاقو کے واروں کا نشانہ بننے والے پادری نے اپنے حملہ آور کو معاف کر دیا۔حملے سے متاثر ہونے والے سڈنی کے معروف آرتھوڈوکس عیسائی رہنما، پادری مار ماری ایمینوئل کی جانب سے اپنے حامیوں کو ’مسیح‘ جیسا بننے اور تشدد سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سڈنی کے ایک چرچ میں ایک شخص نے پادری پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا، اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ بشپ مار ماری ایمینوئل نے حملے کے بعد اپنے پہلے بیان میں حامیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ’مسیح‘ جیسا بنیں اور کسی بھی قسم کے تشدد سے باز رہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 53 سالہ بشپ کو اس وقت سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جب ان پر ایک 16 سالہ لڑکے نے مغربی سڈنی میں واقع آشورین کرائسٹ دی گڈ شیفرڈ چرچ میں لائیو اسٹریمنگ سروس کے دوران حملہ کیا تھا۔

پادری پر حملے کے اگلے دن ہی ایک بہت بڑی تعداد میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔اس سے متعلق گزشتہ جمعرات کو چرچ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک آڈیو پیغام میں مسیحی رہنما نے اپنے پیروکاروں پر زور دیا تھا کہ وہ قانون کی پابندی کریں۔ پادری کا اپنے آڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، یسوع نے ہمیں کبھی لڑنا نہیں سکھایا، یسوع نے ہمیں کبھی بدلہ لینا نہیں سکھایا۔

پادری کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے قصوروار کو معاف کرتا ہوں جس نے یہ فعل کیا ہے، میں اس سے کہتا ہوں، تم میرے بیٹے ہو، میں تم سے پیار کرتا ہوں اور میں ہمیشہ تمہارے لیے دعا کروں گا۔

پادری کا اپنے آڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ میں حملہ آور بھیجنے والے شخص کو بھی معاف کرتا ہوں۔واضح رہے کہ پادری پر حملہ کرنے والا نوجوان ملزم پولیس کی حراست میں ہے جبکہ اس پر تاحال فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار


 rajesh pande