ایرانی صدر اسلام آباد پہنچ گئے، ان کے دورے پر امریکہ کی بھی نظر
اسلام آباد، 22 اپریل (ہ س)۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کو دارال
ایرانی صدر اسلام آباد پہنچ گئے، ان کے دورے پر امریکہ کی بھی نظر


اسلام آباد، 22 اپریل (ہ س)۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کو دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔ اس دورے کے پیش نظر دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ اطلاع پاکستان کی وزارت خارجہ نے دی ہے۔ وزارت نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی طیارے سے اترتے ہوئے تصویر جاری کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ ان کی اہلیہ، وزیر خارجہ اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ دورہ بدھ کو اختتام پذیر ہو گا۔ دریں اثنا، دونوں مسلم پڑوسی اس سال ایک سیکیورٹی کشیدگی کے بعد تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رئیسی مشرقی شہر لاہور اور جنوبی بندرگاہی شہر کراچی کا دورہ کریں گے اور وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔ رئیسی کی آمد کے موقع پر حفاظتی اقدامات کے تحت اسلام آباد کی اہم شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔ حکومت نے کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ رئیسی کے دورے کو اسلام آباد کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

رئیسی پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد کسی غیر ملکی رہنما کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پاکستان کے دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ، ایران اسرائیل کشیدگی کے درمیان رئیسی کے پاکستان دورے پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔

ہندوستھان سماچار/ عبد الواحد


 rajesh pande