انٹرمیڈیٹ کے نتائج ،22 اپریل کو متوقع ،پرچوں کی جانچ مکمل
حیدرآباد، 20 ۔ اپریل(ہ س)۔انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج 22 اپریل کوجاری ہونے کے قوی امکانات ہیں
انٹرمیڈیٹ کے نتائج ،22 اپریل کو متوقع ،پرچوں کی جانچ مکمل


حیدرآباد، 20 ۔ اپریل(ہ س)۔انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج 22 اپریل کوجاری ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے فرسٹ ایئراورسیکنڈایئرکے ایک ساتھ نتائج جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔نتائج کاایک دودن میں سرکاری طورپراعلان کردیا جائےگا۔ کمشنر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ شروتی اوجھا نے کہا کہ نتائج جاری کرنے کیلئے تمام انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ اتوار یا پیر کو نتائج جاری کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ پیر کو نتائج جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچوں کی جانچ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مارکس دینے کے معاملے میں بھی احتیاط برتی گئی ہے۔ ایک سے زائد مرتبہ نشانات کی گنتی کی گئی ہے۔ کارروائی اطمینان بخش ہونے کے بعد ہی نتائج جاری کئے جارہے ہیں۔جاریہ سال 28 فروری تا18مارچ انٹرمیڈیٹ امتحان منعقد ہوئے، ان امتحانات میں تقریباً 10 لاکھ طلبہ نے شرکت کی۔ 6 مارچ سے پرچوں کی جانچ کا آغاز ہوا۔ لگ بھگ 60لاکھ پرچوں کی جانچ کا کام مارچ کے اواخر تک مکمل ہوچکا ہے۔ اپریل کے پہلے ہفتہ میں او ایم آر شیٹس ڈی کوڈنگ کی گئی۔ مارکس کاآن لائن اندراج ہونے کے بعداس کی دوبارہ جانچ کی گئی۔ کوئی غلطی نہ پانے کے بعد نتائج جاری کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار//سلام


 rajesh pande